اسلام آباد(پاک ترک نیوز )وفاقی حکومت نے کفایت شعاری کے نئے اقدامات کا اعلان کردیا، کابینہ ڈویژن نے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
حکومتی فیصلے کے تحت سرکاری گاڑیوں کے لیے پٹرول کی فراہمی میں پچاس فیصد کمی کردی گئی ہے، یہ کمی ابتدائی طور پر تین ماہ کے لیے ہوگی۔
کفایت شعاری کے اقدامات کے تحت نئی سرکاری گاڑیوں کی خریداری پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے، جبکہ غیر ضروری غیر ملکی دوروں پر بھی تین ماہ کے لیے پابندی ہوگی۔
سرکاری اجلاسوں کے لیے ویڈیو کانفرنسنگ کو ترجیح دینے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ غیر ملکی وفود کے علاوہ سرکاری عشائیوں کی میزبانی پر مکمل پابندی ہوگی۔
حکومتی فنڈز سے ہونے والے سرکاری سیمینارز، تربیتی پروگرامز اور کانفرنسز پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔ ناگزیر سرکاری تقریبات کے لیے سرکاری آڈیٹوریم اور کمیٹی رومز استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
کفایت شعاری اقدامات میں شادی کی تقریبات میں صرف ایک ڈش پیش کرنے کا فیصلہ بھی شامل ہے۔
حکومت نے کاروباری مراکز کے اوقات کار بھی مقرر کردیئے ہیں۔ دکانیں، مارکیٹس، شاپنگ مالز اور بازار رات 9 بجے بند ہوں گے، جبکہ شادی ہالز، مارکیز اور دیگر تقریبات کے مقامات رات 10 بجے تک بند کرنا ہوں گے۔
ریسٹورنٹس، کیفے اور فوڈ آؤٹ لیٹس رات 11 بجے بند ہوں گے، تاہم ٹیک اوے اور ہوم ڈیلیوری کو اس پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔
فارمیسیز، اسپتال، کلینکس، میڈیکل لیبارٹریز، پٹرول پمپس اور دیگر ضروری شعبے مقررہ اوقات کار کی پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔
اسی طرح بیکریز، تندور، دودھ اور ڈیری شاپس، الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز اور جم بھی اوقات کار کی پابندی سے مستثنیٰ قرار دیے گئے ہیں۔











