اسلام آباد ( پاک ترک نیوز) فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی نے لائن اسٹاف آؤٹ سورس کرنے کا فیصلہ کرلیا، فیسکو بورڈ نے 200 لائن مین اور 2 ہزار اسسٹنٹ لائن مین کی آؤٹ سورسنگ کی منظوری دے دی۔فیسکو بورڈ نے لائن مین اور اسسٹنٹ لائن مین کی خدمات نجی کمپنی کے ذریعے حاصل کرنے کی منظوری دی ہے۔ آؤٹ سورسنگ کے لیے فرائی وال سیکیورٹی سروسز کو ٹھیکہ دینے اور خطِ منظوری جاری کرنے کی بھی منظوری دے دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: فیسکو کی نجکاری، 12 میں سے 10 سرمایہ کار گروپس پری کوالیفائی، کے الیکٹرک دستبردار
فیصلے کے تحت فیسکو میں مجموعی طور پر 2 ہزار 200 لائن اسٹاف نجی ٹھیکیدار کے ذریعے بھرتی کیا جائے گا۔ ایک لائن مین کے لیے ماہانہ فی فرد معاوضہ 65 ہزار 207 روپے جبکہ اسسٹنٹ لائن مین کے لیے 59 ہزار 791 روپے مقرر کیا گیا ہے۔فیسکو کے مطابق لائن اسٹاف کی آؤٹ سورسنگ پر سالانہ ایک ارب 59 کروڑ 14 لاکھ 82 ہزار 396 روپے خرچ ہوں گے، جبکہ محصولات سمیت سالانہ معاہدے کی مجموعی مالیت ایک ارب 84 کروڑ 61 لاکھ 19 ہزار 579 روپے ہوگی۔












