اسلام آباد ( پاک ترک نیوز) فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) کی نجکاری کے لیے 12 دلچسپی رکھنے والی پارٹیوں میں سے 10 کو پری کوالیفائی کرلیا گیا، جبکہ کے الیکٹرک نے اپنی درخواست واپس لے لی۔نجکاری کمیشن بورڈ نے وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری اور چیئرمین نجکاری کمیشن محمد علی کی زیر صدارت اجلاس میں 10 پارٹیوں کو اگلے مرحلے کے لیے اہل قرار دیا۔
کے الیکٹرک کے ترجمان کے مطابق کمپنی نے فیسکو کی نجکاری کے لیے اپنی ایکسپریشن آف انٹرسٹ واپس لینے کا فیصلہ اس لیے کیا کہ گزشتہ دو برس کے آڈٹ شدہ مالیاتی گوشوارے دستیاب نہیں تھے۔ کمپنی کے مطابق فیسکو کا ملٹی ایئر ٹیرف حتمی نہ ہونے کے باعث مالیاتی بیانات مکمل نہیں ہوسکے۔دوسری جانب چین کی کمپنی جیانگ ژی الیکٹرک پاور کنسٹرکشن بھی پری کوالیفکیشن معیار پر پورا نہ اتر سکی۔ کمپنی نے آخری روز اپنی درخواست انگریزی کے بجائے چینی زبان میں جمع کرائی، حالانکہ اسے متعدد بار انگریزی میں درخواست جمع کرانے کی ہدایت کی گئی تھی۔
پری کوالیفائی ہونے والی 10 پارٹیوں میں ترکیہ کی تین اور پاکستان کے سات گروپس شامل ہیں۔ترکیہ سے ایکٹر الیکٹرک انرجی، جینویرا انرجی اور جینگز انرجی جبکہ پاکستان سے اینگرو انرجی، سیفائر فائبرز، حب پاور ہولڈنگز، لکی سیمنٹ، میٹرو وینچرز، اٹلس گروپ، میپل لیف سیمنٹ، کوہ نور ٹیکسٹائل، پاک جین کنسورشیم اور آرٹسٹک ملینرز سمیت سرمایہ کار گروپس شامل ہیں۔پری کوالیفائی پارٹیوں کو اب نجکاری کے اگلے مرحلے میں ورچوئل ڈیٹا روم تک رسائی دی جائے گی، جہاں وہ فیسکو کے مالیاتی اور دیگر معاملات کی تفصیلی جانچ پڑتال کرسکیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: فیسکو کی نجکاری، نشاط گروپ کے بعد سیفائر فائبرز بھی دوڑ میں شامل
نجکاری کمیشن کے مطابق فیسکو کی نجکاری کا مقصد بجلی کی تقسیم کے نظام کی کارکردگی بہتر بنانا، انفراسٹرکچر کو جدید بنانا، صارفین کو بہتر خدمات فراہم کرنا اور بجلی کے نقصانات میں کمی لانا ہے۔فیسکو کے ساتھ گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی اور اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی بھی نجکاری کے پہلے مرحلے میں شامل ہیں۔ آئیسکو کی نجکاری کے لیے اظہارِ دلچسپی جمع کرانے کی آخری تاریخ 7 ستمبر 2026 مقرر کی گئی ہے۔












