ریاض (پاک ترک نیوز )ریاض میں سیکیورٹی اینڈ ہسٹری ڈائیلاگ 2026 کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری جنرل خلیج تعاون کونسل جاسم البدیوی نے کہا کہ متحدہ ویزا خلیجی ممالک کے درمیان انضمام کو مزید مضبوط بنانے کی جانب اہم قدم ہوگا، جبکہ غیر ملکی سیاحوں کے لیے چھ خلیجی ممالک کے درمیان سفر آسان ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ متحدہ سیاحتی ویزے سے سیاحت کے شعبے کو فروغ ملے گا اور خلیج تعاون کونسل کی جامع علاقائی سیاحتی مقام کے طور پر حیثیت مزید مستحکم ہوگی۔
جاسم البدیوی نے خلیجی ممالک کے وزرائے داخلہ کے درمیان مضبوط سیکیورٹی تعاون کو بھی اجاگر کیا۔ ان کے مطابق ایران کے خلیجی ممالک پر حملوں کے بعد ہونے والے اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے، جن سے رکن ممالک کی سیکیورٹی اور استحکام مضبوط ہوا۔انہوں نے کہا کہ خلیجی ممالک سیکیورٹی تعاون اور انضمام کو مزید بڑھانے کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر کام کر رہے ہیں، جبکہ ایران کے حملوں کے آغاز کے بعد تمام سطحوں پر رابطہ، تعاون اور تجربات و صلاحیتوں کا تبادلہ جاری ہے۔ڈیجیٹل چیلنجز کے حوالے سے جاسم البدیوی نے کہا کہ خلیجی ممالک نوجوانوں کو درپیش خطرات پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں۔ خلیجی ریاستوں نے سائبر کرائم کے خلاف متحدہ حکمت عملی کے ساتھ ساتھ مصنوعی ذہانت سے متعلق مشترکہ حکمت عملی بھی اختیار کی ہے، تاکہ جدید ٹیکنالوجی سے مؤثر فائدہ اٹھانے کے ساتھ اس کے چیلنجز سے بھی نمٹا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سرمایہ کاری معاہدہ جلد طے پانے کا امکان
انہوں نے منشیات کے خلاف خلیجی سطح پر جاری کوششوں کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ بعض گروہ، عناصر اور ممالک خلیجی معاشروں بالخصوص نوجوانوں کو منشیات کے ذریعے نشانہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔












