بنکا ک ( پاک ترک نیوز) تھائی لینڈ میں فٹبال میچ کے دوران پیش آنے والے ایک افسوسناک واقعے نے کھیل کے میدان کو سوگ میں بدل دیا۔ شدید بارش کے دوران اچانک آسمانی بجلی گرنے سے ایک نوجوان کھلاڑی جان کی بازی ہار گیا، جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
اس واقعے کی ویڈیو بھی سامنے آئی ہے، جس میں میچ جاری ہونے کے دوران اچانک بجلی گرتی دکھائی دیتی ہے، جس کے بعد میدان میں بھگدڑ مچ جاتی ہے اور کھلاڑی و اہلکار فوری طور پر متاثرہ افراد کی مدد کے لیے دوڑ پڑتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق جاں بحق ہونے والے کھلاڑی کی شناخت 24 سالہ سوفوان اوائے کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ واقعے میں ایک ملائیشین کھلاڑی سمیت مجموعی طور پر 12 افراد زخمی ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان ٹیم کی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ رینکنگ میں بہتری
یہ افسوسناک واقعہ 4 اگست کی شام تھائی لینڈ کے صوبہ ناراتھیوات کے شہر سنگائی کولوک میں واقع سنتی پھاپ اسٹیڈیم میں گولوک ایف اے کپ کے سیمی فائنل میچ کے دوران پیش آیا۔
پولیس کے مطابق میچ شدید بارش کے باوجود جاری تھا کہ مقامی وقت کے مطابق شام تقریباً ساڑھے پانچ بجے اچانک آسمانی بجلی میدان پر گری۔ اس وقت مقابلہ ابو ایکس نونگ سیرن اور سام کولٹ کے درمیان کھیلا جا رہا تھا، جبکہ سام کولٹ کی ٹیم میں تھائی اور ملائیشین دونوں ممالک کے کھلاڑی شامل تھے۔
واقعے کے بعد زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ حکام نے خراب موسم کے دوران کھیلوں کی سرگرمیوں کے حوالے سے حفاظتی اقدامات پر بھی زور دیا ہے۔












