ریاض ( پاک ترک نیوز) سعودی عرب کے جنرل ڈائریکٹوریٹ آف سول ڈیفنس نے اعلان کیا ہے کہ ینبع گورنریٹ اور جازان کے لیے جاری کیے گئے احتیاطی الرٹس ختم کر دیے گئے ہیں، کیونکہ ممکنہ خطرہ ٹل چکا ہے۔
سول ڈیفنس نے اس سے قبل نیشنل ارلی وارننگ پلیٹ فارم کے ذریعے دونوں علاقوں کے رہائشیوں کو ممکنہ خطرے سے آگاہ کرتے ہوئے ہدایت کی تھی کہ وہ سرکاری حفاظتی احکامات پر عمل کریں۔
الرٹس ختم کرنے کے بعد جاری بیان میں حکام نے شہریوں اور مقیم افراد پر زور دیا کہ وہ معلومات کے لیے صرف سرکاری ذرائع پر اعتماد کریں اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی افواہوں اور غیر مصدقہ ویڈیوز سے گریز کریں۔
احتیاطی الرٹس کے دوران شہریوں کو ہدایت دی گئی تھی کہ وہ پرسکون رہیں، عمارتوں کے اندر یا کھڑکیوں سے دور محفوظ کمروں میں پناہ لیں، کھلے مقامات سے دور رہیں اور اگلے حکم تک گھروں کے اندر ہی رہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب میں سعودائزیشن قوانین کی خلاف ورزی پر کریک ڈاؤن
سول ڈیفنس نے مزید ہدایت کی تھی کہ لوگ شیشوں، بالکونیوں اور چھتوں سے دور رہیں، جبکہ باہر موجود افراد کو قریب ترین عمارت یا مضبوط رکاوٹ کے پیچھے پناہ لینے اور خطرناک مقامات کے قریب جانے یا وہاں جمع ہونے سے اجتناب کرنے کا مشورہ دیا گیا۔











