اسلام آباد (پاک ترک نیوز )پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی جس میں وزیراعظم نے معدنیات اور کان کنی کے شعبوں میں تعاون پر زور دیا۔
وزیراعظم نے چین کے صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی چیانگ کے لیے اپنی نیک تمناؤں اور پُرتپاک جذبات کا اظہار کیا اور اپنے حالیہ دورۂ چین کے دوران چینی قیادت کے ساتھ ہوئی انتہائی مفید، بامقصد اور نتیجہ خیز ملاقاتوں کا ذکر کیا۔
وزیراعظم نے پاکستان اور چین کے درمیان ہر موسم کی اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے اپنے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اس امر پر زور دیا کہ دورۂ چین کے دوران طے پانے والے اہم فیصلوں اور مفاہمتوں پر عملدرآمد کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
وزیراعظم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ان کے دورۂ چین کے موقع پر ہانگژو میں منعقدہ بزنس ٹو بزنس سرمایہ کاری کانفرنس کے دوران پاکستانی اور چینی کمپنیوں کے درمیان طے پانے والی مختلف مفاہمتی یادداشتوں (MoUs) پر بروقت اور مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کے ثمرات جلد از جلد حاصل کیے جا سکیں۔
وزیراعظم نے دورۂ چین کو ہر لحاظ سے کامیاب بنانے میں چینی سفیر کی گرانقدر خدمات اور کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اب دونوں ممالک کے متعلقہ اداروں اور حکام پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ دونوں قیادتوں کے طے کردہ فیصلوں کو عملی شکل دینے کے لیے باہمی تعاون کو مزید فروغ دیں۔
سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور انہیں عیدالاضحیٰ کی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے وزیراعظم کو 23 تا 26 مئی 2026 کے کامیاب دورۂ چین پر بھی مبارکباد دیتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا کہ چین پاکستان کے ساتھ اپنی فولادی اور لازوال برادرانہ دوستی کو مزید مضبوط بنانے اور تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے کے لیے پُرعزم ہے۔












