استنبول ( پاک ترک نیوز) مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کی کمیٹی کا پہلا اجلاس آج استنبول میں ہوگا۔اجلاس میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ، وزرائے دفاع اور مسلح افواج کے چیفس آف اسٹاف شرکت کریں گے۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اجلاس میں شرکت کے لیے استنبول پہنچ گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق اجلاس کے ایجنڈے میں بین الاقوامی سلامتی کے امور سرفہرست ہوں گے۔اجلاس میں دفاعی صلاحیتوں میں اضافے،مسلح افواج کے درمیان ہم آہنگی بڑھانےاور تینوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون مزید گہرا کرنے کے امور پر بات چیت ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: مکہ دفاعی معاہدہ پاکستان کے لئے اسٹریٹجک وسعت، سفارتی اثر اور علاقائی توازن کا ذریعہ قرار
دوسری جانب پاکستان اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ کی استنبول میں ملاقات ہوئی۔نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان کے درمیان دوطرفہ تعلقات سمیت سیاسی، اقتصادی، سیکیورٹی اور ثقافتی شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں رہنماؤں نے اعلیٰ سطحی اسٹریٹجک تعاون کونسل کے فریم ورک کے تحت ہونے والی پیشرفت کا خیرمقدم کیا۔
ملاقات میں اعلیٰ سطحی اسٹریٹجک تعاون کونسل کے آئندہ اجلاس کا جلد انعقاد یقینی بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔







