اسلام آباد(پاک ترک نیوز ) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ دنیا میں بڑھتے تنازعات عالمی امن کیلئے خطرہ ہیں، مئی میں پاک بھارت جنگ بھی خطرناک ثابت ہوسکتی تھی، تنازعات کے حل کیلئے مذاکرات اور سفارتکاری کے حامی ہیں۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا اسلام آباد میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی ایک بڑا چیلنج ہے، عالمی معاشی منظر نامہ تبدیل ہو رہا ہے، جنوبی ایشیا کو غربت، ناخواندگی، ناگہانی آفات سمیت دیگر چیلنجز درپیش ہیں۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں موسمیاتی تبدیلی اور غذائی قلت کے چیلنجز سنگین ہوتے جا رہے ہیں، درجہ حرارت میں اضافے اور سیلابوں کے معیشت پر تباہ کن اثرات مرتب ہو رہے ہیں، جنوبی ایشیا میں سکیورٹی کا منظر نامہ بھی بہت پیچیدہ ہے، پاکستان تنازعات کے حل کیلئے مذاکرات اورسفارتکاری کی حمایت کرتا ہے۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ مئی میں پاک بھارت جنگ بھی خطرناک ثابت ہوسکتی تھی، بھارت نے یکطرفہ طور پر سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کا اعلان کیا، اسرائیل نے فلسطین وغزہ میں انسانیت کا قتل عام کیا، دیرینہ مسئلہ کشمیر حل نہ ہونے سے خطے کے امن کو خطرہ لاحق ہے۔
وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ جنوبی ایشیا سب سے زیادہ آبادی والا خطہ ہے، جنوبی ایشیا کے ممالک کو اپنے مسائل کے حل کے بارے میں سنجیدگی سے سوچنا ہوگا، مشترکہ خوشحالی کے لئے علاقائی روابط اہم ہیں۔












