واشنگٹن : (پاک ترک نیوز)امریکی وزیرِ خارجہمارکو روبیو نے انکشاف کیا ہے کہ واشنگٹن ڈی سی میں وزیرِ اعظم شہباز شریف کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ان کے مطابق گفتگو میں معدنی وسائل، انسدادِ دہشت گردی اور اسٹریٹجک شراکت داری سمیت کئی اہم شعبے زیرِ بحث آئے۔
سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں امریکی وزیرِ خارجہ نے ملاقات کو مثبت اور نتیجہ خیز قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان معاشی روابط مضبوط بنانے اور قدرتی وسائل کے شعبے میں مشترکہ سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔
مارکو روبیو کا کہنا تھا کہ خطے میں دیرپا امن کے قیام کے لیے دہشت گردی کے خلاف مشترکہ حکمتِ عملی ناگزیر ہے، اور اس سلسلے میں پاکستان کا کردار اہمیت رکھتا ہے۔
انہوں نے اسٹریٹجک تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔انہوں نے غزہ سے متعلق بین الاقوامی امن کوششوں میں پاکستان کی حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سفارتی اور عملی کاوشیں قابلِ قدر ہیں۔
امریکی وزیرِ خارجہ کے مطابق امریکا خطے میں استحکام اور باہمی مفادات کے تحفظ کے لیے پاکستان کے ساتھ قریبی اشتراک جاری رکھے گا۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈولڈ ٹرمپ نے غزہ سے متعلق ایک اعلیٰ سطح اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے امدادی اور ترقیاتی اقدامات کے لیے 10 ارب ڈالر مختص کرنے کا اعلان کیا۔
اس موقع پر انہوں نے پاکستان کی قیادت کے کردار کو بھی سراہا اور باہمی تعاون کو علاقائی امن کے لیے اہم قرار دیا۔












