اسلام آباد ( پاک ترک نیوز) وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ پاکستان سے حج 2026کیلئے ساڑھے چار لاکھ سے زائد عازمین نے رجسٹریشن کروالی ہے ۔پاکستان سعودی عرب سے حج کوٹہ میں اضافہ کی درخواست کر رہا ہے ۔
یہ بات وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہی ہے ۔ان کا کہنا تھا حج 2026 کے دوران پاکستان میں فریضہ حج ادا کرنے کے خواہش مندوں کی ابتدائی رجسٹریشن چار لاکھ پچپن ہزار ہوئی ہے۔ اس کے لیے یقینا ہمارے لیے موجودہ حج کوٹہ کافی نہیں ہوگا۔ اس لیے سعودی عرب سے رابطے ہوئے ہیں کہ پاکستانی حاجیوں کا کوٹہ بڑھایا جائے۔
یاد رہے پاکستان کی آبادی تقریبا 23 کروڑ ہے۔ اس لیے پاکستان نے سعودی عرب سے درخواست کی ہے کہ حج کوٹے کو 179210 سے بڑھا کر 230000کیا جائے۔ تاکہ زیادہ سے زیادہ پاکستانی عازمین حج فریضہ حج ادا کر سکیں۔
مذہبی امور کے وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے توقع ظاہر کی کہ سعودی عرب ہماری اس درخواست پر غور کرے گا اور پاکستان کا حج کوٹہ اس کی آبادی اور ضروت کے مطابق کر دیا جائے گا۔
یاد رہے حکومت پاکستان نے اگلے سال کے حج سیزن کے لیے اپنے ہاں تیاریاں اور پراسس کا عمل اس سال بہت جلدی شروع کر دیا ہے۔ تاکہ عازمین حج کو زیادہ سہولت اور زیادہ آسانی دی جا سکے۔












