اسلام آباد ( پاک ترک نیوز ) وفاقی آئینی عدالت نے کنٹریکٹ ملازمین کے حوالے سے بڑا حکم جاری کر دیا،عدالت نے قرار دیا ہے کہ مستقل نوعیت کے کام کیلئے کنٹریکٹ پر کی گئی تعیناتیاں غیرآئینی تصور ہونگی۔
وفاقی آئینی عدالت نے سابقہ فاٹا کے ڈسپنسرز کو مستقل کرنے کا حکم دے دیا،عدالتی فیصلے کے مطباق ملازمین کی مستقلی کی بنیاد برابری کا اصول اور بنیادی آئینی حقوق ہیں،عدالت نے صوبائی حکومت کو ڈسپنسرز کو 2002 میں تعیناتی کی تاریخ سے مستقلی کے نوٹیفکیشن جاری کرنے کی ہدایت کر دی
آئینی عدالت نے جسٹس ارشد حسین کا تحریری کردہ چار صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کر دیا۔عدالتی فیصلے میں کہا گیا ملازمین کا کیس وفاقی کابینہ کے 29اگست 2008 کے دائرے میں آتا ہے، کابینہ کے 2008 میں گریڈ 15-1 کے تمام ملازمین کو مستقل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
ٰیہ بھی پڑھیں :سپر ٹیکس غیر آئینی قرار ،آئینی عدالت کا فیصلہ
عدالتی فیصلے کے مطابق ریکارڈ سے کہیں ثابت نہیں ہوتا کہ ملازمین کو کسی مخصوص پروجیکٹ کیلئے بھرتی کیا گیا تھا، مستقل کرنے کے بجائے ملازمین کو 2010 میں غیرقانونی طور پر برطرف کیا گیا
وفاقی آئینی عدالت نے کہا یہ محض ملازمت کا کیس نہیں بلکہ بنیادی حقوق کا معاملہ ہے، موجودہ کیس کا براہ راست تعلق زندگی گزارنے کے بنیادی آئینی حق سے ہے۔زندگی کے بنیادی حق کیلئے ضروری ہے کہ شہریوں کے پاس مستقل ملازمت ہو۔
وفاقی آئینی عدالت نے قرار دیا مستقل آسامیوں کے عوض کنٹریکٹ بھرتیاں قانونی طور پر درست نہیں،آئین کی منشا ہے کہ تمام شہریوں کے ساتھ برابری کا سلوک کیا جائے،سرکاری اداروں میں ملازمین کو عارضی بھرتی کرنا رواج بن گیا ہے، اعلیٰ عدلیہ نے ہمیشہ ملازمین کی عارضی تعیناتیوں کی مخالفت کی ہے۔









