دبئی(پاک ترک نیوز ) فضائی سفر میں آرام دہ نشستیں مسافروں کے لیے ہمیشہ اہمیت رکھتی ہیں، اور 2026 کے تازہ جائزے میں دنیا کی وہ ایئرلائنز سامنے آئی ہیں جو اکانومی کلاس میں سب سے زیادہ کشادہ نشستیں فراہم کر رہی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اس درجہ بندی سیٹ پچ ،نشست کی چوڑائی اور مختلف طیاروں میں سہولت کی یکسانیت کو بنیاد بنایا گیا ،جبکہ کھانے ،تفریحی نظام اور دیگر سہولیات کو اس جائزہ میں شامہ نہیں کیا گیا
قطر ایئرویز اپنی بہترین سروس اور عالمی معیار کی بزنس کلاس کے لیے مشہور ہے، تاہم اکانومی کلاس میں بھی اس کی نشستیں زیادہ آرام دہ سمجھی جاتی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق قطر ایئرویز کے بیشتر طیاروں میں اکانومی کلاس کی نشستوں کا سیٹ پچ 31 انچ جبکہ نشست کی چوڑائی 18 انچ ہے، جو مسافروں کو نسبتاً زیادہ جگہ فراہم کرتی ہے۔
البتہ بعض بوئنگ 777 طیاروں میں سیٹ پچ 32 انچ جبکہ نشست کی چوڑائی 17.3 انچ ہے۔ اسی طرح کچھ بوئنگ 787-8 طیاروں میں نشست کی چوڑائی 16.9 انچ تک محدود ہے، جبکہ دیگر 787-8 اور 787-9 طیاروں میں سیٹ پچ 34 اور 31 انچ کے ساتھ نشست کی چوڑائی 17.1 انچ رکھی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق قطر ایئرویز کے ایئربس کے آل اکانومی ورژن میں سیٹ پچ 29 انچ اور نشست کی چوڑائی 18 انچ ہے۔
امارات ایئرلائن بھی آرام دہ اکانومی نشستوں کے حوالے سے نمایاں مقام رکھتی ہے۔ ایئرلائن کے زیادہ تر ایئربس A380 اور بوئنگ 777 طیاروں میں اکانومی کلاس کا سیٹ پچ 32 انچ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: 29برس بعد روس کا سب سے طاقتور جنگی بحری جہاز دوبارہ ہوم بیس پہنچ گیا
اے 380 ایئر بس میں نشست کی چوڑائی 17.9 انچ جبکہ بوئنگ 777 میں 17.3 انچ ہے۔
رپورٹ کے مطابق امارات کے جدید ترین ایئربس طیاروں میں بھی سیٹ پچ 32 انچ برقرار رکھا گیا ہے، تاہم ان میں نشست کی چوڑائی 18 انچ ہے، جو مسافروں کو مزید آرام دہ سفر کا تجربہ فراہم کرتی ہے۔
ماہرین کے مطابق اکانومی کلاس میں نشست کی چوڑائی اور ٹانگوں کے لیے زیادہ جگہ طویل فضائی سفر کو زیادہ آرام دہ بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے، اسی لیے یہ دونوں ایئرلائنز اس شعبے میں دنیا کی نمایاں ایئرلائنز میں شمار کی جا رہی ہیں۔







