اسلام آباد ( پاک ترک نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ رابطے جاری ہیں اور ان کے خیال میں موجودہ جنگ زیادہ دیر تک جاری نہیں رہے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جنگ جلد ختم ہو جائے گی اور آبنائے ہرمز بھی دوبارہ مکمل طور پر کھل جائے گی۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ انہیں نہیں لگتا کہ ایران زیادہ عرصہ اس جنگ کو جاری رکھ سکے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ بات چیت جاری ہے، معاملات مثبت سمت میں بڑھ رہے ہیں اور جلد حالات معمول پر آنے کی توقع ہے۔
صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے لکھا کہ وہ ان کی کارکردگی سے انتہائی خوش ہیں۔
انہوں نے ایران کے خلاف جاری امریکی کارروائیوں کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن غیر معمولی طور پر کامیاب رہا ہے اور ایران کو اس حد تک نقصان پہنچایا گیا ہے کہ وہ مستقبل میں جوہری ہتھیار حاصل نہ کر سکے۔ ٹرمپ کے مطابق صورتحال امریکا کے حق میں بہت بہتر انداز میں آگے بڑھ رہی ہے۔
دوسری جانب ایران عمان کی ثالثی میں جاری مذاکرات میں شریک ہے، جہاں اطلاعات کے مطابق دونوں فریق آبنائے ہرمز سے تجارتی جہازوں کی محفوظ آمدورفت کے لیے ایک قابلِ قبول معاہدے کے قریب پہنچ چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی2 کامیاب کارروائیاں، 10 دہشت گرد ہلاک
تاہم ایرانی حکام متعدد بار واضح کر چکے ہیں کہ جنگ کے مستقل خاتمے کے لیے امریکا کے ساتھ فی الحال کوئی براہِ راست مذاکرات نہیں ہو رہے، جس کے باعث دونوں ممالک کے بیانات میں واضح تضاد نظر آ رہا ہے












