نیویارک : (پاک ترک نیوز)وینزویلا کے سیاسی بحران کے بعد تیل کی قیمتیں گرگئیں۔ ایشیائی مارکیٹ میں برینٹ خام تیل کی قیمت میں 0.63 فیصدکمی ہوئی ہے اور 60.37 ڈالرفی بیرل میں فروخت ہوا ہے۔
اس کے علاوہ ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل کی قیمت میں 0.70 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ ڈبلیوٹی آئی خام تیل کی فی بیرل قیمت 56.92 ڈالرہوگئی ہے۔
واضح رہے کہ امریکی فوج نے وینزویلا کے دارالحکومت سمیت مختلف مقامات پر حملے کیے اور صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کوگرفتار کرکے امریکا منتقل کر دیا۔ وینزویلا کے دارالحکومت کاراکس میں دھماکے ہوئے اور شہر کے مختلف علاقوں میں طیاروں کی نچلی پروازیں بھی دیکھی گئیں۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر تیل کی وافر سپلائی کے باعث وینزویلا کی برآمدات میں کسی بھی ممکنہ رکاوٹ کا قلیل مدت میں قیمتوں پر محدود اثر پڑے گا۔
ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وینزویلا سے متعلق امریکی پابندیوں کی پالیسی میں تبدیلی کے امکانات کے باعث تیل کی قیمتوں کے لیے مختصر مدت میں غیر واضح مگر محدود خطرات موجود ہیں، تاہم ادارے نے 2026 کے لیے تیل کی قیمتوں کے اپنے تخمینے برقرار رکھے ہیں۔
اگر مکمل پابندیوں میں نرمی کی جاتی ہے تو منظم سیاسی منتقلی کی صورت میں 12 ماہ کے دوران یومیہ چند لاکھ بیرل اضافی پیداوار ممکن ہو سکتی ہے۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ اگر اقتدار کی تبدیلی لیبیا یا عراق جیسی غیر مستحکم صورت اختیار کر لے تو صورتحال بالکل مختلف ہو سکتی ہے۔












