لاہور (پاک ترک نیوز )تین ملکی ون ڈے سیریز کے چھٹے اور آخری لیگ میچ میں انگلینڈ نے سری لنکا کو 55 رنز سے شکست دے دی۔ انگلینڈ کے 387 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکن ٹیم 331 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ انگلینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 386 رنز بنائے۔ اوپنر بین ڈکٹ نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 167 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ ٹام بیٹن 74 اور ہیری بروک 44 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ جارڈ کاکس نے 43، ول جیکس نے 30 اور سیم کرن نے 21 رنز بنائے۔
سری لنکا کی جانب سے اسیتھا فرنینڈو نے دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ دلشن مدھوشنکا، ایشان ملنگا اور داسن شناکا نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
387 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں سری لنکن بلے بازوں نے بھرپور مزاحمت کی، تاہم ٹیم کامیابی حاصل نہ کرسکی۔ پوون رتنائیکے نے 118 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جبکہ کپتان کوشل مینڈس 89 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ اوشکا فرنینڈو نے 48، ساہان اراچیگے نے 30 اور جنتھ لیناگے نے 27 رنز بنائے۔
انگلینڈ کی جانب سے لیام ڈاسن نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے چار وکٹیں حاصل کیں، سونی بیکر نے دو جبکہ سیم کرن، ہینری کروکومب اور جو روٹ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ انگلینڈ کی ٹیم پہلے ہی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوچکی ہے۔ تین ملکی ون ڈے سیریز کا فائنل ہفتے کو پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جائے گا۔












