مظفر آباد ( پاک ترک نیوز) آزاد کشمیر کے عام انتخابات کے تیسرے مرحلے میں پونچھ ڈویژن کے ضلع باغ اور حویلی کہوٹہ کے چار حلقوں میں پولنگ جاری ہے ، دونوں اضلاع میں 803 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، جہاں تقریباً 4 لاکھ 60 ہزار ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
پولنگ کا عمل صبح شروع ہوگا اور بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔ پولنگ کے اختتام کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع کیا جائے گا۔
باغ اور حویلی کہوٹہ کے انتخابی معرکے میں مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کے امیدواروں کے درمیان سخت مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے، تاہم دیگر سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں نے بھی انتخابی میدان میں اپنی موجودگی برقرار رکھی ہے۔
ضلع باغ کے حلقہ ایل اے 14 باغ ون، دھیر کوٹ میں سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان اور سردار ساجد اقبال کے درمیان کانٹے دار مقابلے کی توقع ہے۔
یہ حلقہ سیاسی اعتبار سے انتہائی اہم سمجھا جا رہا ہے، جہاں دونوں امیدواروں نے انتخابی مہم کے دوران بھرپور سیاسی طاقت کا مظاہرہ کیا۔
ایل اے 15 باغ ٹو میں بھی انتخابی معرکہ دلچسپ صورتحال اختیار کرگیا ہے۔ اس حلقے میں مشتاق احمد منہاس، ضیاء القمر، ڈاکٹر محمد خان اور سردار تنویر الیاس سمیت اہم امیدوار میدان میں ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: میر رضا قتل کیس: جوڈیشل کمیشن بنانے کا فیصلہ، نئی تحقیقاتی کمیٹی کا اجلاس آج ہو گا
الیکشن انتظامیہ کی جانب سے پولنگ اسٹیشنز پر ضروری انتظامات مکمل کیے گئے ہیں، جبکہ حساس پولنگ اسٹیشنز پر سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
ووٹنگ کے دوران شہریوں کو پرامن ماحول میں اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔ الیکشن حکام کی جانب سے پولنگ کے عمل کو شفاف اور پرامن بنانے کے لیے انتظامات کیے گئے ہیں۔












