اسلام آباد ( پاک ترک نیوز) اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر خان نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب پر حوثیوں کے حملوں کی دوٹوک الفاظ میں مذمت کرتا ہے، حوثی حملے خطے کے امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری اور سالمیت کی مکمل حمایت کرتا ہے اور سعودی قیادت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔
ترجمان کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران پاکستان سفارتی محاذ پر متحرک رہا، وزیراعظم شہباز شریف نے 2 ستمبر کو کرغزستان کا دورہ کیا، جس کے دوران پاکستان اور کرغزستان نے 17 باہمی معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے۔دونوں ممالک نے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا، جبکہ وسطی ایشیا اور جنوبی ایشیا کے درمیان توانائی کے منصوبے سمیت دیگر شعبوں میں تعاون پر بھی پیش رفت ہوئی۔ترجمان نے بتایا کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اسلامی تعاون تنظیم کے نئے سیکریٹری جنرل، ترکیہ، سعودی عرب، کویت اور مصر کے وزرائے خارجہ سے ٹیلیفونک رابطے کیے اور باہمی دلچسپی، عالمی و علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا۔
یہ بھی پڑھیں: چین کے میزائل، ترکیہ کی توپیں۔۔۔ پاکستان کا نیا اینٹی ڈرون نظام
ترجمان کے مطابق ترکیہ اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ سے مکہ معاہدے کے تحت پیش رفت پر بھی بات ہوئی، جبکہ آج اسحاق ڈار کی ترک وزیر خارجہ خاقان فیدان سے بھی گفتگو ہوئی۔پاکستان نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی غیر قانونی کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ غیر قانونی اسرائیلی بستیوں کے خلاف بین الاقوامی اقدامات کی حمایت کرتے ہیں۔ترجمان نے بھارت کی جانب سے نارووال میں ہندو مندر سے متعلق حقائق مسخ کرنے کی بھی مذمت کی اور سہارنپور میں صدیوں پرانی مسجد شہید کیے جانے پر افسوس کا اظہار کیا۔کشمیر کے معاملے پر ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ کشمیر اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر موجود حل طلب مسئلہ ہے، بھارتی دعووں اور ہتھکنڈوں سے کشمیر کی متنازع حیثیت تبدیل نہیں ہوسکتی۔












