لاہور( پاک ترک نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے حکومت کی معاشی پالیسیوں اور پٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت لیوی کے نام پر عوام سے بھتہ وصول کر رہی ہے۔کراچی میں گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ گزشتہ سال حکومت نے ایک ہزار 567 ارب روپے لیوی کی مد میں جمع کیے، جبکہ حکومت پٹرول پر 135 روپے فی لٹر تک لیوی وصول کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ دوسری جانب حکومت پالیسی شرح سود کم کرنے کے لیے تیار نہیں، پاکستان میں ایک متوازی معیشت موجود ہے اور اتنی بڑی خرید و فروخت ہو رہی ہے جو کسی حساب میں نہیں آ رہی۔حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت کو شرح سود میں تین فیصد کمی کے فوائد سے آگاہ کیا ہے، جبکہ لیوی کم کرنے کے حوالے سے بھی حکومت کو فارمولا دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے 25 ارب روپے کا ریلیف دیا ہے، لیکن قوم کو لائنوں میں لگا کر کوئی احسان نہیں کیا جا رہا۔ پٹرول پمپس پر شہری ایپ دیکھتے رہیں گے اور رش بھی برقرار رہے گا، کیونکہ جن لوگوں کے ذریعے ریلیف دیا جا رہا ہے، ان سے ہی بات نہیں کی گئی۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کبھی ٹریکٹر اور کبھی لیپ ٹاپ اسکیم لے کر آتی ہیں، حکومت کو چاہیے کہ نمائشی اقدامات کے بجائے اصل مسائل کا حل نکالے۔حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جب تک پٹرولیم لیوی ختم نہیں ہوگی، مسائل ختم نہیں ہوں گے۔ حکمران اپنی عیاشیاں ختم نہیں کر رہے اور قوم پر مسلسل بوجھ ڈالا جا رہا ہے۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ مریم نواز نے 11 ارب روپے کا طیارہ کن کے پیسوں سے خریدا؟ بیٹی کی گریجویشن کی ڈگری لینے لندن جانے پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے بچے فیل ہو رہے ہیں اور حکمرانوں کے اخراجات کم نہیں ہو رہے۔حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ سوال کیا جائے تو جواب کچھ اور دیا جاتا ہے، الیکشن کمیشن میں حکمرانوں کی جانب سے جمع کرائی گئی تفصیلات بھی عوام کے سامنے آنی چاہئیں۔
یہ بھی پڑھیں: بانی پی ٹی آئی کی اسپتال منتقلی کا کیس سپریم کورٹ سے وفاقی آئینی عدالت منتقل کرنے کا حکم
انہوں نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد کئی محکمے ختم ہو جانے چاہیے تھے، لیکن آج بھی کئی ادارے دوہرے نظام کے تحت چل رہے ہیں۔ حکومت کو مختلف تجاویز دی ہیں، ہمارا مطالبہ واضح ہے کہ لیوی کا بھتہ ختم کیا جائے۔سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے اعلان کیا کہ 20 ستمبر کو جماعت اسلامی اسلام آباد پہنچے گی۔ انہوں نے کہا کہ ابھی سے اسلام آباد کے راستے بند کیے جا رہے ہیں، جبکہ ملک کے 40 شہروں میں دھرنے جاری ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے دعویٰ کیا کہ لوگ دھرنوں میں اونٹوں پر بیٹھ کر بھی شرکت کے لیے آ رہے ہیں۔میر رضا قتل کیس کے حوالے سے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اس معاملے میں دھمکیاں دی جا رہی ہیں، حکومت کو صورتحال کا نوٹس لینا چاہیے۔












