اسلام آباد ( پاک ترک نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف کی خصوصی فیول ریلیف سکیم کے تحت ملک بھر میں 100 روپے فی لیٹر رعایتی نرخ پر پٹرول کی فراہمی کامیابی سے جاری ہے۔وزیراعظم نے ملک بھر سے سکیم کے حوالے سے موصول ہونے والی آراء کی روشنی میں ایک اور اہم فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم کی ہدایت پر پانچ لیٹر سے کم پٹرول ڈلوانے والے موٹرسائیکل، چنگ چی اور رکشہ صارفین کو بھی ایک ٹوکن پر ایک ہفتے میں 500 روپے تک کی رعایت دی جائے گی۔اس مقصد کے لیے ہفتہ وار ایک ٹوکن جاری ہوگا، جبکہ ایک ماہ میں مجموعی طور پر چار ٹوکن جاری کیے جائیں گے۔
حکومتی اعلامیے کے مطابق 800 سی سی تک گاڑی استعمال کرنے والے صارفین پہلے کی طرح ہر دس روز میں 10 لیٹر پٹرول پر 100 روپے فی لیٹر رعایت حاصل کریں گے۔ اس طرح ایک ماہ میں 10 لیٹر کے تین ٹوکن جاری کرنے کا سلسلہ بھی جاری رہے گا۔وزیراعظم شہباز شریف نے اس سے قبل فیول ریلیف سکیم سے فائدہ اٹھانے کے اہل افراد کے لیے رجسٹریشن کا پیغام مکمل طور پر مفت کرنے کا اعلان کیا تھا۔وزیراعظم کی ہدایت پر 20 سال پرانی موٹر سائیکلوں، رکشوں اور چنگ چی رکشوں کو بھی فیول ریلیف سکیم میں شامل کردیا گیا ہے، جس پر عمل درآمد شروع ہوچکا ہے۔حکام کے مطابق یکم جنوری 2006 کے بعد رجسٹرڈ ہونے والی تمام موٹر سائیکلیں، رکشے اور چنگ چی رکشے وزیراعظم فیول ریلیف سکیم میں رجسٹریشن کے اہل قرار دیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ایران جنگ کے دوران امریکی فوجیوں کی ہلاکتوں کی تعداد پینٹاگون کے سرکاری ریکارڈ سے زیادہ
وزیراعظم محمد شہباز شریف سکیم کے تمام پہلوؤں کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔ وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ ریلیف سے مستفید ہونے والوں کا دائرہ کار وسیع کیا جائے اور عوام کو پٹرول پر رعایت باوقار، آسان اور بلا رکاوٹ فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات یقینی بنائے جائیں۔












