ریاض ( پاک ترک نیوز) سعودی عرب نے سیاحتی ای ویزا کی سہولت حاصل کرنے والے ممالک کی فہرست میں مزید چار ممالک شامل کرلیے، جس کے بعد الیکٹرانک سیاحتی ویزا حاصل کرنے کے اہل ممالک کی تعداد 72 ہوگئی ہے۔
نئے فیصلے کے تحت میکسیکو، بوسنیا و ہرزیگووینا، سربیا اور شمالی مقدونیہ کے شہری اب سعودی عرب کا سیاحتی ویزا آن لائن حاصل کرسکیں گے یا مملکت کے داخلی مقامات پر پہنچنے کے بعد بھی ویزا حاصل کرسکیں گے۔سعودی حکام کے مطابق سیاحتی ای ویزا ایک سال کے لیے کارآمد ہوگا اور اس کے ذریعے متعدد مرتبہ سعودی عرب کا سفر کیا جاسکے گا، تاہم قیام کی مجموعی مدت 90 دن سے زیادہ نہیں ہوگی۔
اس ویزے کے حامل افراد سیاحتی سرگرمیوں کے علاوہ تقریبات، نمائشوں اور کانفرنسوں میں شرکت، رشتہ داروں اور دوستوں سے ملاقات اور عمرہ بھی ادا کرسکیں گے۔حکام نے واضح کیا ہے کہ ویزے پر درج قیام کی مدت کی پابندی لازمی ہوگی، جبکہ ویزے کی میعاد ختم ہونے سے پہلے اس کی تجدید نہیں ہوسکے گی۔متعدد مرتبہ داخلے کی اجازت والے ویزے میں ہر دورے کے ساتھ قیام کے لیے دستیاب 90 دن کی مجموعی مدت کم ہوتی جائے گی۔سعودی حکام نے واضح کیا ہے کہ سیاحتی ویزا رکھنے والے افراد کو تنخواہ یا معاوضے کے عوض کام کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ حج کے موسم میں اس ویزے پر عمرہ بھی ادا نہیں کیا جاسکے گا۔
یہ بھی پڑھیں: ایلون مسک کی مستقبل کی گاڑی سائبر ٹرک کی پیداوار بند کرنے کا فیصلہ
دوسری جانب سعودی عرب نے سیاحوں کے لیے ایک نیا سفری پیکیج بھی متعارف کرایا ہے، جس کے ذریعے مسافر فضائی ٹکٹ، منظور شدہ رہائش اور الیکٹرانک ویزے کی سہولت ایک ہی پیکیج میں حاصل کرسکیں گے۔اس کے علاوہ سعودی وزارت حج و عمرہ نے ایک سال کے لیے متعدد مرتبہ داخلے کی سہولت رکھنے والا عمرہ ویزا بھی متعارف کرایا ہے، تاہم حج کے موسم میں اس ویزے کے ذریعے داخلے پر پابندی ہوگی۔












