اسلام آباد ( پاک ترک نیوز) وفون اور ٹیلی نار پاکستان کے انضمام کے بعد نئی ٹیلی کام کمپنی کی ری برانڈنگ کا فیصلہ کر لیا گیا ، جس کے لیے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کو باضابطہ درخواست دے دی گئی ۔
ذرائع کے مطابق ٹیلی نار پاکستان کے پاک ٹیلی کام موبائل لمیٹڈ میں انضمام کے بعد نئی کمپنی کو "e&” کے نام سے متعارف کرانے کی تجویز دی گئی ، جو متحدہ عرب امارات کی سرکاری ٹیلی کام کمپنی اتصالات کی نئی عالمی برانڈ شناخت ہے۔
پی ٹی اے نے نئی برانڈنگ کی منظوری کے لیے سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان سے کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز سے متعلق نوٹیفکیشن جمع کرانے کی شرط عائد کی ہے، اور واضح کیا ہے کہ اس کے بغیر نئی برانڈنگ یا تشہیری مہم شروع نہیں کی جا سکتی۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی اے فائیو جی نیلامی کا دوسرا مرحلہ
دوسری جانب وزارتِ آئی ٹی کے ایک سینئر عہدیدار نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ "e&” کا نام استعمال کرنے پر قانونی اعتراضات سامنے آ سکتے ہیں، کیونکہ پی ٹی ایم ایل قانونی طور پر اب بھی پی ٹی سی ایل کی ذیلی کمپنی ہے، براہِ راست اتصالات کی نہیں۔ ان کے مطابق اس نام کے استعمال پر کاپی رائٹ یا رائلٹی فیس جیسے قانونی معاملات بھی پیدا ہو سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ حکومت کے پاس پی ٹی سی ایل کے تقریباً 62 فیصد، اتصالات کے پاس 26 فیصد جبکہ باقی 12 فیصد حصص پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے سرمایہ کاروں کے پاس ہیں۔








