اسلام آباد(پاک ترک نیوز)پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی، پی ٹی اے نے یوفون اور ٹیلی نار کے انضمام کے بعد ری برانڈنگ کی مشروط منظوری دے دی۔
پرو پاکستانی کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ ری برانڈنگ کا عمل جلد متوقع ہے، تاہم باضابطہ لانچ کی تاریخ ابھی حتمی نہیں کی گئی۔
پی ٹی اے ذرائع کے مطابق منظوری تمام ضروری قانونی تقاضے مکمل کرنے سے مشروط ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ پی ٹی اے کو 15 ستمبر کو ری برانڈنگ تقریب منعقد کیے جانے کے حوالے سے کسی منصوبے یا حتمی تاریخ سے آگاہ نہیں کیا گیا۔
یوفون اور ٹیلی نار کا انضمام پاک ٹیلی کام موبائل لمیٹڈ، پی ٹی ایم ایل کے تحت مکمل ہوچکا ہے، جس کے بعد دونوں کمپنیوں کے اسپیکٹرم، نیٹ ورک انفراسٹرکچر اور صارفین ایک ہی موبائل آپریشن کا حصہ بن گئے ہیں۔
دونوں کمپنیوں کے مشترکہ کاروبار کے صارفین کی تعداد پاکستان بھر میں 7 کروڑ 40 لاکھ سے زائد بتائی جاتی ہے۔
انضمام کے بعد انتظامیہ نے یوفون اور ٹیلی نار پاکستان کی موجودہ شناخت کو عالمی برانڈ "ای اینڈ” (e&) سے تبدیل کرنے کی تجویز دی تھی۔
پی ٹی اے کی مشروط منظوری کے تحت پی ٹی ایم ایل کو قانونی تقاضے مکمل کرنے کے بعد ریگولیٹر کو آگاہ کرنا ہوگا، جس کے بعد نئے برانڈ کے نام سے تجارتی یا تشہیری مہم شروع کی جاسکے گی۔
ذرائع کے مطابق قانونی اور کارپوریٹ گورننس سے متعلق سوالات کے باعث ری برانڈنگ کا عمل اس سے قبل تاخیر کا شکار بھی ہوچکا ہے۔









