ریاض ( پاک ترک نیوز) سعودی عرب نے پاکستان میں ڈاکٹر راجع طامی البقمی کو نیا سفیر مقرر کیا ہے۔ انہوں نے اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔ انہوں نے اپنے پیشرو نواف بن سعید المالکی کی جگہ لی ہے۔
نئے سفیر سعودی فوج میں میجر جنرل کے عہدے تک پہنچے اور بعد ازاں سعودی وزارت خارجہ کا حصہ بن گئے۔ مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور پاکستان کے ساتھ پچھلے برس ہونے والے دفاعی معاہدے کے حوالے سے ان کی بطور سفیر پاکستان میں تقرری بہت اہم قرار دی جا رہی ہے۔
اس مرحلے پر سعودی عرب نے آٹھ مختلف ملکوں میں اپنے سفیر تبدیل کیے ہیں۔ اس میں سے ایک پاکستان بھی ہیں۔ سعودی وزارت خارجہ کے مطابق ان آٹھ نئے سفیروں نے پچھلے ہفتے ہی اپنی ذمہ داریوں کا حلف اٹھا لیا تھا۔ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی طرف سے ان سفیروں کی تقرری کی ہے۔ اس موقع پر وزارت خارجہ نے ان سفیروں کی تصاویر بھی جاری کی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب:بازوں کی خرید وفروخت کے لئے نئے قوانین نافذ
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات کی اپنی غیر معمولی اہمیت ہے۔ علاوہ ازیں دونوں نے حال ہی میں اربوں ڈالر مالیت کے نئے تجارتی و سرمایہ کاری کے معاہدے کرنے کے علاوہ دو طرفہ دفاع کا معاہدہ بھی کیا ہے۔
اس دفاعی معاہدے کے مطابق ایک ملک پر حملہ دوسرے ملک پر حملہ تصور کیا جائے گا اور دونوں مل کر دفاع کریں گے۔ نئے سفیرالبقمی کے اسلام آباد میں تعینات ہونے سے ان تعلقات میں مزید تحرک اور بہتری کا امکان ہے۔








