لاہور( پاک ترک نیوز) عید الاضحیٰ قریب آنے کے باوجود مویشی منڈیوں میں خریداری میں تیزی نہیں آئی ، جانوروں کے دام سن کر خریداروں کے ہوش اڑ گئے۔۔چھوٹا بکرا ایک لاکھ سے اوپر، بڑے جانور لاکھوں میں، شہری پریشان ہیں تو بیوپاری بھی فکر مند ہیں ۔
عیدالاضحیٰ قریب آتے ہی ملک بھر میں مویشی منڈیاں سج چکی ہیں، مگر اس بار خریداروں کی تعداد توقع سے کہیں کم دکھائی دے رہی ہے۔
مہنگائی کے طوفان نے عوام کی قوتِ خرید کو بری طرح متاثر کیا ہے، جبکہ جانوروں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔شہری منڈیوں کا رخ تو کر رہے ہیں، لیکن قیمتیں سن کر اکثر لوگ صرف جانور دیکھ کر واپس لوٹ جاتے ہیں۔
مویشی منڈیوں میں کئی تگڑے جانور بھی لائے گئے ہیں کہیں پٹھان ،تو کہیں شاہین ،بادشاہ اور ٹائیگر کے ناموں والے بکرے منڈیوں کی رونق بنے ہوئے ہیں ۔
لاہور کی مویشی منڈٰ میں سلطان نامی بکرے کا ریٹ ایک لاکھ اسی ہزار روپے لگ گیا ،ٹائیگر بکرے کی قیمت دو لاکھ سے اوپر مانگی جا رہی ہے ،بیوپاری دعویٰ کرتے ہیں کہ یہ بکرے خاص خوراک پر پالے گئے ہیں، جن میں دیسی گھی، دودھ، خشک میوہ جات اور خصوصی دانہ شامل ہے۔
دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں قربانی کرنا عام آدمی کیلئے بڑا چیلنج بنتا جا رہا ہے۔کئی خاندان اب اجتماعی قربانی یا چھوٹے جانور خریدنے پر غور کر رہے ہیں۔
ماہرین کے مطابق اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو عید سے آخری دو دن پہلے قیمتوں میں کچھ کمی آ سکتی ہے، کیونکہ بیوپاری جانور واپس لے جانے سے بچنا چاہتے ہیں۔
فی الحال مویشی منڈیوں میں جانور تو موجود ہیں، مگر خریداروں کی جیبیں خالی دکھائی دے رہی ہیں۔کیا اس بار قربانی صرف شوقیہ امیروں تک محدود ہو جائے گی؟یہ سوال ہر منڈی، ہر خریدار اور ہر گھر میں زیرِ بحث ہے۔












