لاہور(پاک ترک نیوز) لاہور میں بادلوں نے ڈیرے ڈال لیے، شہر کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی، جبکہ تیز ہواؤں کے باعث گرمی کی شدت میں کمی آگئی۔
بارش اور ٹھنڈی ہواؤں کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا، شہریوں نے گرمی سے کچھ حد تک راحت محسوس کی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ گھنٹوں کے دوران لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں مزید بارش کا امکان ہے۔
اسلام آباد میں بادل چھائے رہنے کا امکان ہے، جبکہ مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش متوقع ہے۔ بارش کے باعث درجہ حرارت میں کمی اور موسم خوشگوار ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں بھی بادل برس سکتے ہیں۔ چترال، سوات، شانگلہ، بٹگرام، ایبٹ آباد، پشاور، مردان اور صوابی میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کرنا اعزاز ہے،وزیراعظم
محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی مختلف مقامات پر بارش کا امکان ہے۔ بالائی علاقوں میں بارش کے ساتھ تیز ہوائیں چلنے کی توقع ہے، جس سے موسم مزید ٹھنڈا اور خوشگوار ہوجائے گا۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز اور نشیبی علاقوں میں احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ تیز ہواؤں کے دوران کمزور اور غیر محفوظ جگہوں سے دور رہنے کا بھی مشورہ دیا گیا ہے۔












