لاہور( پاک ترک نیوز) فضائیں ایک بار پھر اللہ اکبر کی صداؤں سے گونج اٹھیں۔ دنیا بھر سے لاکھوں فرزندانِ اسلام روحانیت کے سب سے عظیم سفر پررواں دواں ہیں ، کوئی ماں باپ کو رخصت کر رہا ہے۔ کوئی بیٹے کو گلے لگا کر اشک بہا رہا ہے… اور کوئی برسوں کی دعاؤں کے بعد آج حجازِ مقدس کی سرزمین تک پہنچنے جا رہا ہے۔
یہ صرف ایک سفر نہیں ۔ یہ گناہوں سے مغفرت، دعاؤں کی قبولیت اور رب کے حضور حاضری کا لمحہ ہے۔
کئی عازمین ایسے بھی ہیں جنہوں نے ساری زندگی کی جمع پونجی صرف اس ایک خواہش پر خرچ کر دی… کہ ایک بار خانہ کعبہ کو اپنی آنکھوں سے دیکھ سکیں۔
پاکستان کے مختلف شہروں سے روٹ ٹو مکہ سمیت 282 پروازوں کے ذریعے اب تک 72 ہزار71 عازمین حج سعودی عرب پہنچ گئے جو کہ مجموعی کوٹے کا 61فیصد ہے۔باقی 39 فیصد عازمین 21 مئی تک مختلف پروازوں کے ذریعے پہنچیں گے۔
وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق پاکستان سے عازمینِ حج کی سعودی عرب آمد کا عمل تیزی سے اپنے آخری مراحل کی جانب بڑھ رہا ہے ۔143 پروازیں براہِ راست مدینہ منورہ اور 139 پروازیں جدہ ایئرپورٹ پر لینڈ ہوئیں۔سعودی عرب پہنچنے والے عازمین میں سے 67,887 عازمین مکہ مکرمہ میں مقیم ہیں، جبکہ 4,184 عازمین اس وقت مدینہ منورہ میں موجود ہیں۔
سعودی عرب میں حج کے عظیم اجتماع کے لیے غیر معمولی انتظامات مکمل کر لیے گئے منیٰ، عرفات اور مزدلفہ میں جدید خیمے، ٹھنڈک کے خصوصی انتظامات، جدید طبی مراکز اور ٹرانسپورٹ سسٹم کو ہائی الرٹ کر دیا گیا۔ پاکستانی حج مشن بھی متحرک ہو گیا ، حکام کے مطابق عازمین کو رہائش، خوراک، سفری سہولیات اور طبی امداد کی فراہمی کے لیے خصوصی ٹیمیں سعودی عرب میں ہر وقت موجود رہیں گی۔
ماہرین کے مطابق اس سال شدید گرمی بڑا چیلنج بن سکتی ہے، سعودی حکومت نے ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کے لیے خصوصی ہدایات بھی جاری کر دیں۔دوسری جانب حج مشن حکام کا کہنا ہے کہ پاکستانی عازمین کو بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے خصوصی ٹیمیں سعودی عرب میں موجود ہیں۔












