ٹوکیو ( پا ک ترک نیوز) جاپان اور امریکا کی مسلح افواج کی مشترکہ جنگی تلاش اور امدادی مشق کے دوران جاپانی بحریہ کے جدید آبی و زمینی طیارے یو ایس ٹو اور امریکی فضائیہ کے خصوصی آپریشنز طیارے سی وی ٹوئنٹی ٹو بی اوسپرے نے پہلی بار ریسکیو فلیگ مشق میں ایک ساتھ حصہ لیا۔
جاپان کے میرین کور ایئر اسٹیشن ایواکونی میں ہونے والی مشق میں امریکی فضائیہ، امریکی میرین کور، جاپانی بحریہ اور جاپانی فضائیہ کے دستوں نے شرکت کی۔ مشق کا مقصد سمندر میں حادثے یا جنگی صورتحال کے دوران زخمی اہلکاروں کی تلاش، بازیابی اور فوری طبی امداد کی تربیت حاصل کرنا تھا۔جاپانی بحریہ کا یو ایس ٹو طیارہ ایئر ریسکیو اسکواڈرن 71 سے وابستہ ہے اور زمین کے ساتھ ساتھ کھلے سمندر سے بھی پرواز اور لینڈنگ کرسکتا ہے۔ یہ طیارہ خاص طور پر سمندر میں پھنسے یا زخمی افراد کی تلاش اور بازیابی کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
مشق کے دوران امریکی میرین کور کے اہلکاروں کو سمندر میں فرضی حادثے کا شکار دکھایا گیا۔ انہیں امدادی کشتیوں سے نکال کر یو ایس ٹو طیارے میں منتقل کیا گیا، جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کی مشق کی گئی۔دوسری جانب امریکی فضائیہ کے سی وی ٹوئنٹی ٹو بی اوسپرے اور جاپانی فضائیہ کے یو ایچ سکسٹی جے ٹو ہیلی کاپٹر نے بھی فرضی زخمیوں کو فضائی راستے سے اٹھانے کی مشق میں حصہ لیا۔
یہ بھی پڑھیں: 12جدید لڑاکا طیارے ،فضائی جنگ کا نقشہ ہی بدل دیا
جاپان کا یو ایس ٹو طیارہ اپنی غیر معمولی صلاحیتوں کے باعث خطے میں خاص اہمیت رکھتا ہے۔ یہ عام ہوائی اڈے سے بھی پرواز کرسکتا ہے اور کھلے سمندر میں بھی اترنے اور دوبارہ پرواز کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔












