لاہور( پاک ترک نیوز) امریکا کے آسمان پر اچانک نمودار ہوئی ایک پراسرار مخلوق جیسی دیوہیکل روشن شکل! کوئی اسے دمدار ستارہ سمجھا، کسی کو لگا جیسے آسمان پر قیامت کا منظر بن گیا ہو! لیکن حقیقت اس سے بھی زیادہ حیران کن تھی۔۔۔ یہ کوئی خلائی مخلوق نہیں، بلکہ خلا کی جانب بڑھتا ہوا ایک راکٹ تھا، جس نے آسمان کو دیوہیکل جیلی فش جیسا بنا دیا!آسمان پر روشنی کا ایک عجیب طوفان۔۔۔ پھیلتا ہوا چمکتا بادل۔۔۔ اور اس کے درمیان ایک پراسرار شکل!امریکا کی مختلف ریاستوں میں صبح سویرے لوگوں نے ایسا منظر دیکھا کہ نظریں آسمان پر جم کر رہ گئیں۔یہ منظر تھا اسپیس ایکس کے فالکن نائن راکٹ کی پرواز کا، جو تیرہ اکتوبر کو فلوریڈا کے کیپ کیناورل خلائی مرکز سے روانہ ہوا۔لیکن راکٹ کی پرواز نے ایسا نظارہ تخلیق کیا کہ دیکھنے والے حیران رہ گئے۔ راکٹ کے انجن سے نکلنے والی گیسیں بلندی پر پہنچ کر پھیلیں تو طلوع آفتاب کی روشنی نے انہیں چمکتی ہوئی دیوہیکل جیلی فش میں بدل دیا!یہ منظر اتنا غیر معمولی تھا کہ بعض لوگوں کو ابتدا میں دمدار ستارے کا گمان ہوا، جبکہ کچھ نے مذاقاً اسے دنیا کے خاتمے جیسا منظر قرار دیا۔
یہ بھی پڑھیں: سہ ملکی سیریز :پاکستان نے سری لنکا کو 306رنز کا ہدف دیدیا
جارجیا سے شمالی کیرولائنا تک لوگوں نے اس حیرت انگیز منظر کی تصاویر بنائیں۔لیکن سوال یہ ہے کہ آخر آسمان پر یہ دیوہیکل روشن مخلوق بنی کیسے؟حقیقت جان کر آپ بھی حیران رہ جائیں گےجب راکٹ زمین سے دور بلندی کی جانب بڑھتا ہے تو اس کے انجن سے خارج ہونے والی گیسیں کم دباؤ والے ماحول میں تیزی سے پھیلنے لگتی ہیں۔ طلوع آفتاب کے وقت سورج کی روشنی ان گیسوں کو روشن کردیتی ہے، جبکہ زمین پر موجود افراد کے لیے آسمان کا بیشتر حصہ ابھی اندھیرے میں ہوتا ہے۔روشنی اور اندھیرے کا یہی امتزاج پیدا کرتا ہے خلائی جیلی فش جیسا حیران کن منظر!مگر یہ راکٹ صرف آسمان پر روشنیوں کا تماشا دکھانے نہیں نکلا تھا!اس کے ساتھ ڈریگن خلائی جہاز میں تقریباً دو ہزار آٹھ سو ساٹھ کلوگرام سامان بھی موجود تھا، جسے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پہنچایا جانا تھا۔
پرواز کے تقریباً ڈھائی منٹ بعد راکٹ کے دونوں حصے الگ ہوگئے۔ پہلا حصہ زمین پر واپسی کے لیے مڑا، جبکہ دوسرا حصہ خلائی جہاز کو لے کر مدار کی جانب بڑھتا رہا۔آسمان پر دکھائی دینے والا یہ منظر کسی خلائی حملے یا دنیا کے خاتمے کی علامت نہیں تھا، بلکہ جدید خلائی ٹیکنالوجی اور قدرتی روشنی کا حیرت انگیز امتزاج تھا۔۔۔ ایک ایسا نظارہ جس نے چند لمحوں کے لیے پورے آسمان کو سائنس فکشن فلم کے منظر میں بدل دیا!












