لاہور( پاک ترک نیوز) دنیا میں گزشتہ سال تقریباً 10 لاکھ افراد پہلی بار ایک ملین امریکی ڈالر سے زائد مالیت کے اثاثوں کے مالک بنے، یعنی اوسطاً ہر روز 2 ہزار 680 سے زیادہ نئے کروڑ پتی سامنے آئے۔
عالمی دولت سے متعلق تازہ رپورٹ کے مطابق امریکا نئے کروڑ پتی بنانے میں دنیا بھر میں پہلے نمبر پر رہا، جہاں 4 لاکھ 41 ہزار 78 افراد ایک سال کے دوران کروڑ پتی بنے۔ یہ تعداد دنیا بھر میں بننے والے نئے کروڑ پتیوں کا تقریباً نصف بنتی ہے۔
فہرست میں برطانیہ دوسرے نمبر پر رہا، جہاں 43 ہزار 139 نئے کروڑ پتی بنے، جبکہ فرانس 34 ہزار 604 کے ساتھ تیسرے اور اسپین 32 ہزار 707 نئے کروڑ پتیوں کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہا۔
جاپان میں 31 ہزار 428 اور بھارت میں 31 ہزار 33 افراد پہلی بار کروڑ پتی بنے، جبکہ اٹلی میں 28 ہزار 596، آسٹریلیا میں 25 ہزار 89، جرمنی میں 24 ہزار 263، روس میں 21 ہزار 951 اور جنوبی کوریا میں 20 ہزار 227 نئے کروڑ پتی سامنے آئے۔
رپورٹ کے مطابق چین میں 14 ہزار 79، تائیوان میں 9 ہزار 864، آئرلینڈ میں 9 ہزار 491، برازیل میں 9 ہزار 215 اور سوئٹزرلینڈ میں 8 ہزار 907 نئے کروڑ پتی بنے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکا میں نئے کروڑ پتیوں کی بڑی تعداد کے پیچھے مضبوط معیشت، حصص بازار کی بہتر کارکردگی اور عوام کی سرمایہ کاری میں وسیع شرکت اہم عوامل رہے۔
یہ بھی پڑھیں: یورپ کی کون سی معیشت سب سے زیادہ ترقی کر رہی ہے؟
رپورٹ کے مطابق یورپ کے کئی ممالک بھی اس فہرست میں نمایاں رہے۔ برطانیہ، فرانس، اسپین، اٹلی، جرمنی، آئرلینڈ، سوئٹزرلینڈ، پولینڈ، یونان، ہنگری، لٹویا اور لتھوانیا میں دولت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اسی طرح ایشیا میں جاپان، بھارت، جنوبی کوریا اور چین کے علاوہ تائیوان، سنگاپور اور ہانگ کانگ میں بھی نئے کروڑ پتیوں کی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت میں تیز رفتار معاشی ترقی نے دولت میں اضافے کو فروغ دیا، جبکہ جاپان، جنوبی کوریا، سنگاپور اور ہانگ کانگ جیسے ترقی یافتہ مالیاتی مراکز میں سرمایہ کاری اور مالیاتی منڈیوں کی مضبوط کارکردگی نے نئے کروڑ پتی پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔












