ریاض(پاک ترک نیوز) سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے ریلوے رابطوں، مال برداری اور توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیے۔سعودی دارالحکومت ریاض میں ہونے والی تقریب میں متحدہ عرب امارات کے وزیرِ سرمایہ کاری محمد حسن السویدی اور سعودی وزیرِ توانائی و صنعت و معدنی وسائل شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان بن عبدالعزیز نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔معاہدے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان ریلوے رابطوں کو فروغ دینا، سامان اور تجارتی مال کی نقل و حمل آسان بنانا اور بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں ہم آہنگی پیدا کرنا ہے۔
مفاہمتی یادداشت کے تحت ریلوے رابطوں کے لیے تکنیکی اور معاشی مطالعات کیے جائیں گے، جن کے ذریعے رسد کے نظام کو بہتر بنانے، سرحد پار تجارت میں سہولت پیدا کرنے اور سامان کی ترسیل کے اخراجات و رکاوٹوں کو کم کرنے کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا۔
معاہدے میں بجلی کے شعبے میں تعاون بھی شامل ہے۔ دونوں ممالک بجلی کے باہمی رابطوں، بجلی کی خرید و فروخت اور توانائی کے نظام کو زیادہ مؤثر بنانے کے امکانات کا جائزہ لیں گے۔اس مقصد کے لیے تکنیکی، معاشی اور ماحولیاتی جائزے بھی کیے جائیں گے، جبکہ خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک کے ساتھ مل کر خلیجی بجلی رابطہ نظام کو وسعت دینے پر بھی رابطہ کاری کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: ایچ ای سی کا رجسٹرڈ اور غیر رجسٹرڈ تعلیمی اداروں کی فہرستیں جاری کرنے کا اعلان
معاہدے کا بنیادی مقصد علاقائی رابطوں کو مضبوط بنانا، تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینا اور سعودی عرب و متحدہ عرب امارات کے درمیان اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینا ہے۔












