اسلام آباد (پاک ترک نیوز )ہائر ایجوکیشن کمیشن نے ملک بھر کی جامعات میں کمپیوٹر سائنس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے طلبہ کی صلاحیتیں جانچنے کے لیے قومی مہارت ٹیسٹ 2027 متعارف کرانے کا اعلان کردیا۔
اعلان کے مطابق کمپیوٹنگ اور آئی ٹی سے متعلقہ ڈگری پروگراموں کے ساتویں اور آٹھویں سمسٹر کے تمام طلبہ کے لیے اس ٹیسٹ میں شرکت لازمی ہوگی۔
ہائر ایجوکیشن کمیشن کے مطابق قومی مہارت و صلاحیت ٹیسٹ کا مقصد طلبہ کی ڈگری مکمل ہونے سے پہلے ان کی پیشہ ورانہ مہارتوں، تکنیکی قابلیت اور عملی صلاحیتوں کا جائزہ لینا ہے۔
ٹیسٹ کے لیے 23 اور 24 جنوری 2027 کی تاریخیں ابتدائی طور پر مقرر کی گئی ہیں۔امتحان کمپیوٹر کے ذریعے لیا جائے گا، جبکہ ملک بھر میں 100 سے زائد مقامات پر امتحانی مراکز قائم کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے، تاکہ مختلف علاقوں کے طلبہ کو شرکت کا موقع مل سکے۔
یہ بھی پڑھیں:بال ٹیمپرنگ اسکینڈل: عثمان خواجہ کے انکشافات کے بعد ڈیوڈ وارنر بھی بول پڑے
قومی مہارت ٹیسٹ 2027 کا اطلاق کمپیوٹنگ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سے متعلقہ ڈگری پروگراموں میں زیر تعلیم ساتویں اور آٹھویں سمسٹر کے طلبہ پر ہوگا۔
اس پابندی میں جامعات کے مرکزی کیمپس، ذیلی کیمپس، ذیلی کالجوں اور ان سے منسلک کالجوں کے اہل طلبہ بھی شامل ہوں گے۔






