لاہور: (پاک ترک نیوز)لاہور میں بسنت کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں پتنگ بازی کے دوران پیش آنے والے حادثات کے نتیجے میں ایک نوجوان جان کی بازی ہار گیا جبکہ تین بچوں سمیت 6افراد زخمی ہو گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق رات بارہ بجے کے بعد چند ہی گھنٹوں میں متعدد حادثات رپورٹ ہوئے۔ ڈیفنس فیز فائیو میں موٹر سائیکل پر گھر جانے والے 21 سالہ نوجوان کی گردن پر اچانک پتنگ کی تیز دھار ڈور پھر گئی جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا۔ زخمی کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا۔
اسی دوران گلشن راوی میں 45 سالہ شخص کے چہرے اور ناک پر پتنگ کی ڈور پھرنے سے گہرے زخم آئے، جسے موقع پر طبی امداد دی گئی۔
اسی علاقے میں ایک آٹھ سالہ بچی کے گلے پر ڈور لگنے سے وہ بھی زخمی ہو گئی۔دیگر واقعات میں لوئر مال کے علاقے میں ایک 12 سالہ بچہ پتنگ لوٹتے ہوئے زخمی ہوا، جبکہ گلشن راوی ہی میں 14 سالہ لڑکا درخت سے پتنگ اتارتے ہوئے گر کر زخمی ہو گیا۔
راوی روڈ پر ایک اور شخص چھت سے گرنے کے باعث زخمی ہوا جسے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔بسنت کا سب سے دلخراش واقعہ سکھ نہر کے قریب پیش آیا جہاں 25 سالہ نوجوان کٹی پتنگ اتارنے کی کوشش میں بجلی کے کھمبے پر چڑھ گیا۔ کرنٹ لگنے سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق ضروری کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی گئی ہے۔شہریوں اور سماجی حلقوں کی جانب سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ بسنت کے دوران قاتل ڈور کے استعمال اور غیر محفوظ سرگرمیوں کے خلاف مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ مزید قیمتی جانوں کا ضیاع روکا جا سکے۔












