بیجنگ (پاک ترک نیوز)پاکستانی خلا باز چین کے خلائی اسٹیشن پر جانے والے پہلے غیر ملکی خلا باز بننے جا رہے ہیں۔ وہ چین کے شینژو 24 خلائی مشن کے ذریعے تیانگونگ خلائی اسٹیشن پہنچیں گے۔ اس پیش رفت نے بھارتی میڈیا میں بھی بین الاقوامی خلائی تعاون اور خطے میں خلائی تحقیق کے مستقبل پر بحث چھیڑ دی ہے۔
بھارتی سائنس دان جینت مورتی نے چینی اخبار گلوبل ٹائمز سے گفتگو میں چین کی جانب سے اپنے خلائی اسٹیشن کو عالمی محققین کے لیے کھولنے کے اقدام کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ خلائی تحقیق میں بین الاقوامی تعاون صرف ضروری ہی نہیں بلکہ ناگزیر بھی ہے، کیونکہ اس شعبے میں بھاری مالی وسائل اور جدید ٹیکنالوجی درکار ہوتی ہے۔
جینت مورتی اقوام متحدہ اور چین کے مشترکہ منصوبے کے تحت منتخب ہونے والے سائنسی تجربے ’’سنگ‘‘ کے سربراہ ہیں۔ یہ منصوبہ 2019 میں چین کے خلائی اسٹیشن پر تجربات کے لیے منتخب کیا گیا تھا، تاہم بھارتی سائنس دان کے مطابق سیاسی رکاوٹوں اور حکام کی جانب سے محتاط رویے کے باعث اس پر پیش رفت متاثر ہوئی۔
مورتی کا کہنا تھا کہ بعض اوقات رکاوٹیں براہ راست حکومتی پالیسی کی وجہ سے نہیں بلکہ غلط فیصلہ ہونے کے خدشے کے باعث پیدا ہوتی ہیں۔ انہوں نے تجویز دی کہ سائنس دانوں پر مشتمل ایک خصوصی رابطہ ادارہ قائم کیا جائے تاکہ بین الاقوامی منصوبوں کو آگے بڑھایا جا سکے۔
بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا نے 9 نومبر کو اپنی ایک تجزیاتی رپورٹ میں پاکستانی خلا باز کی چین کے خلائی اسٹیشن پر متوقع آمد کو خطے میں خلائی تعاون کے بدلتے منظرنامے کا اہم واقعہ قرار دیا۔ جبکہ بھارتی جریدے دی ویک نے خلائی امور کے تجزیہ کار گریش لنگننا کے حوالے سے لکھا کہ بھارت کے لیے یہ پیش رفت اس بات کی یاد دہانی ہے کہ خلائی دوڑ اب صرف ٹیکنالوجی نہیں بلکہ بین الاقوامی تعلقات کا معاملہ بھی بن چکی ہے۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گو جیاکن نے 9 نومبر کو تصدیق کی تھی کہ پاکستانی خلا باز شینژو 24 مشن میں پے لوڈ اسپیشلسٹ کے طور پر حصہ لیں گے اور مختصر قیام کے بعد شینژو 23 خلائی جہاز کے ذریعے واپس آئیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے وعدے نہیں، ٹھوس اقدامات چاہییں: وزیراعظم شہباز شریف
چین اور اقوام متحدہ کے دفتر برائے بیرونی خلا امور نے 2019 میں چین کے خلائی اسٹیشن پر سائنسی تجربات کے لیے مشترکہ پروگرام شروع کیا تھا۔ اس کے تحت 17 ممالک کے 23 اداروں کے نو منصوبے منتخب کیے گئے تھے، جن میں بھارتی سائنس دانوں کے منصوبے بھی شامل تھے۔
چینی تجزیہ کار چیان فینگ کے مطابق پاکستان کی چین کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے انسانی خلائی پرواز میں متوقع پیش رفت نے بھارتی میڈیا کو اپنی خلائی تعاون کی حکمت عملی پر دوبارہ غور کرنے کی طرف متوجہ کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ چین اور بھارت کے پاس خلائی تحقیق کے مختلف شعبوں میں ایک دوسرے کی تکمیل کرنے والی صلاحیتیں موجود ہیں، اس لیے سائنسی تعاون کو سیاسی معاملات سے متاثر نہیں ہونا چاہیے۔












