نیو یارک ( پاک ترک نیوز) ایوی ایشن کی دنیا میں ایئربس کا نیا کارگو طیارہ A350F ایک اہم مرحلے کے قریب پہنچ گیا ہے۔ طیارے کی پہلی آزمائشی پرواز ستمبر کے آخر میں متوقع ہے، تاہم تکنیکی مسائل یا موسم کی خرابی کے باعث شیڈول اکتوبر تک بھی آگے بڑھ سکتا ہے۔رائٹرز کے مطابق صنعتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایئربس نے A350F کی پہلی پرواز کے لیے 24 ستمبر کے آس پاس کی تاریخ کو ترجیح دی ہے۔
یہ طیارہ ایئربس کے A350 خاندان کا خصوصی کارگو ورژن ہے، جسے عالمی فضائی کارگو مارکیٹ میں بوئنگ کے غلبے کو چیلنج کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔A350F منصوبہ پہلے ہی تاخیر کا شکار ہے۔ ایئربس نے یہ طیارہ 2021 میں متعارف کرایا تھا اور اس کی سروس 2025 میں شروع کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا۔
تاہم مختلف وجوہات کے باعث منصوبے میں تاخیر ہوئی اور اب طیارے کی پہلی آزمائشی پرواز رواں سال ستمبر کے آخر میں متوقع ہے۔
ایئربس کے مطابق طیارے کی پہلی پرواز رواں سال کے اختتام سے پہلے ہوگی، جبکہ صارفین کو پہلی A350F طیارے کی ڈیلیوری 2027 کی دوسری ششماہی میں دینے کا ہدف ہے۔صنعتی ماہرین کے مطابق ایسے نئے طیاروں کی آزمائشی پروازوں اور سرٹیفکیشن کے عمل میں عموماً 12 سے 15 ماہ لگ سکتے ہیں۔ایئربس نے A350F کی مارکیٹ میں اچھی پوزیشن حاصل کرلی ہے۔ کمپنی اب تک اس کارگو طیارے کے 107 یونٹس فروخت کرچکی ہے، جبکہ نسبتاً پرانے A330F کے 38 طیارے فروخت ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بوئنگ کو بڑا جھٹکا، ایئربس کی برتری
رپورٹ کے مطابق A350F کی تیاری میں تاخیر کی ایک اہم وجہ اسپین میں تیار کیے جانے والے کارگو دروازوں کی فراہمی میں تاخیر بھی ہے۔دوسری جانب ایوی ایشن شعبے کی ایک رپورٹ میں خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ A350F کی ڈیلیوری 2028 تک بھی مؤخر ہوسکتی ہے۔ایئربس کا A350F منصوبہ عالمی فضائی کارگو مارکیٹ میں کمپنی کی پوزیشن مضبوط بنانے کی کوشش ہے۔ اب ستمبر میں ہونے والی پہلی آزمائشی پرواز اس منصوبے کی کامیابی اور مستقبل کے شیڈول کے لیے اہم مرحلہ ثابت ہوگی۔









