پیرس ( پاک ترک نیوز) یورپی یونین نے چین سے درآمد ہونے والی ہائبرڈ برقی گاڑیوں کی تعداد سالانہ ساڑھے تین لاکھ تک محدود کرنے کی تصدیق کر دی ہے۔ نئی پابندی دسمبر سے نافذ ہوگی، جس کا مقصد یورپی منڈی میں چینی گاڑیوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کو محدود کرنا اور مقامی صنعت کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔یورپی حکام کے مطابق گزشتہ دو برس کے دوران چین سے ہائبرڈ اور برقی گاڑیوں کی درآمد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ رواں سال چین سے درآمد ہونے والی ایسی گاڑیوں کی تعداد تقریباً آٹھ لاکھ تک پہنچنے کا امکان ہے، جبکہ یورپی منڈی میں چینی گاڑیوں کا حصہ اس وقت تقریباً چھ فیصد ہے۔نئی حد کے نفاذ سے یورپی یونین کو توقع ہے کہ چینی گاڑیوں کا منڈی میں حصہ کم ہو کر تقریباً تین فیصد رہ جائے گا۔
یورپی کمیشن کے مطابق یہ پابندی عالمی تجارتی تنظیم کے حفاظتی ضابطوں کے تحت نافذ کی جائے گی، جس سے طویل تحقیقات کے بغیر تیزی سے اقدامات ممکن ہوں گے۔ مقررہ حد سے زیادہ درآمد ہونے والی گاڑیوں پر اضافی محصولات عائد نہیں کیے جائیں گے، تاہم انہیں یورپی بندرگاہوں پر کسٹم حکام کی تحویل میں روک دیا جائے گا۔یورپی یونین میں تیار ہونے والی چینی کمپنیوں کی گاڑیاں اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گی، تاہم چین میں گاڑیاں تیار کرنے والی یورپی کمپنیوں پر بھی یہ حد لاگو ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی سے 4دہشت گرد گرفتار،دستی بم برآمد
اس معاہدے کے تحت چین نے یورپی گاڑیوں کے بعض پرزوں پر محصولات ختم کرنے اور جوتوں، زیتون کے تیل اور آئس کریم پر محصولات نصف کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔چین سے یورپی یونین کو ہائبرڈ گاڑیوں کی برآمدات رواں سال کی پہلی ششماہی میں بڑھ کر 6.7 ارب یورو ہو گئیں، جو گزشتہ سال اسی عرصے میں 2.2 ارب یورو تھیں۔












