انقرہ(پاک ترک نیوز)مشرقی بحیرہ روم میں سمندری حدود اور قدرتی گیس کے ذخائر پر نیا تنازع شدت اختیار کر گیا۔ لیبیا کی مشرقی پارلیمنٹ نے ترکیہ کے ساتھ 2019 کے متنازع سمندری معاہدے کی منظوری دے دی، جس پر امریکا، اسرائیل، یورپی یونین، یونان اور مصر نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
معاہدے کے تحت ترکیہ اور لیبیا نے مشرقی بحیرہ روم میں سمندری حدود متعین کی تھیں، تاہم یونان اور دیگر ممالک کا مؤقف ہے کہ یہ معاہدہ ان کے خودمختار سمندری حقوق کو نظرانداز کرتا ہے، خصوصاً یونانی جزائر کریٹ اور روڈز کے قریب سمندری علاقوں کے حوالے سے۔
امریکا نے معاہدے کو اشتعال انگیز قرار دیتے ہوئے فریقین پر زور دیا ہے کہ سمندری تنازعات مذاکرات کے ذریعے حل کیے جائیں، جبکہ یورپی یونین نے بھی معاہدے کو تیسرے ممالک کے خودمختار حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
مصر نے بھی معاہدے کو اپنے خصوصی اقتصادی سمندری علاقے اور قدرتی وسائل کے حقوق کے خلاف قرار دیا، جبکہ ترکیہ کے وزیر خارجہ حاکان فیدان نے معاہدے کا دفاع کرتے ہوئے اسے قانونی قرار دیا ہے۔
لیکن اس سفارتی کشیدگی کے دوران ایک غیر متوقع پیش رفت بھی سامنے آئی۔ مصر اور ترکیہ نے 4 سے 9 نومبر تک اسکندریہ کے ساحل کے قریب مشترکہ بحری مشقیں کیں، جن میں آبدوز شکن کارروائیاں، فضائی دفاع اور سمندری جنگی تربیت شامل تھی۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کے انتخابی نشان بلے کی واپسی کا معاملہ، لاہور ہائیکورٹ میں لارجر بینچ تشکیل
یہ مشقیں 13 سال کے وقفے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان بحری تعاون میں مزید پیش رفت ہیں۔
دوسری جانب اس تنازع سے 2 ارب 10 کروڑ ڈالر کے مجوزہ گریٹ سی انٹرکنیکٹر توانائی منصوبے پر بھی اثرات پڑنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔











