لاہور(پاک ترک نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے انتخابی نشان بلے کی واپسی اور الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 215 کی آئینی حیثیت کا معاملہ لاہور ہائیکورٹ پہنچ گیا، عدالت نے درخواست کی سماعت کے لیے تین رکنی لارجر بینچ تشکیل دے دیا۔
لارجر بینچ کی سربراہی جسٹس عابد عزیز شیخ کریں گے، جبکہ جسٹس ملک وقار حیدر اعوان اور جسٹس ملک جاوید اقبال وینس بھی بینچ میں شامل ہوں گے۔
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ الیکشن ایکٹ 2017 کا سیکشن 215 آئین کے آرٹیکل 17 سے متصادم ہے۔ کسی سیاسی جماعت کو انتخابی نشان سے محروم کرنا اس کے سیاسی تشخص، انتخابی عمل میں شرکت اور جمہوری حقوق کو متاثر کرنے کے مترادف ہے۔
یہ بھی پڑھیں: جاپان کا پاکستان کے انسدادِ پولیو پروگرام کے لیے 43 لاکھ ڈالر گرانٹ کا اعلان
درخواست میں کہا گیا ہے کہ آئین کا آرٹیکل 17 شہریوں کو سیاسی جماعت بنانے اور اس میں شمولیت کا بنیادی حق دیتا ہے، لہٰذا سیاسی جماعتوں کے بنیادی حقوق پر اثرانداز ہونے والی قانونی پابندیوں کا آئینی جائزہ ضروری ہے۔
مقدمہ 12 نومبر 2026 کو سماعت کے لیے مقرر تھا، تاہم اب اس کی سماعت لارجر بینچ کرے گا۔






