پشاور (پاک ترک نیوز) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے میں گورنر راج کے نفاذ کے لیے مشاورت ہوئی ہے، ماضی میں بھی گورنر راج لگ چکا ہے اور یہ کوئی غیر آئینی اقدام نہیں۔پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ لگتا ہےتحریک انصاف کی لانگ مارچ کے لیے کوئی تیاری نہیں، ممکن ہے پی ٹی آئی آج یا کل لانگ مارچ ختم کرنے کا اعلان کردے۔ تحریک انصاف کے لوگ خود گرفتاریاں دے رہے ہیں ۔
یہ بھی پڑھیں: خلیج کا بحران ہمارے لیے ایک مشکل مرحلے پر آیا،وزیراعظم
فیصل کریم کنڈی نے کہا جبکہ خیبر پختونخوا میں دہشت گردی اور لاقانونیت عروج پر ہے۔ اگر اسلام آباد پر چڑھائی کی جائے گی تو صوبے کو کون سنبھالے گا؟ صوبے میں امن و امان کی صورتحال پہلے ہی ایک اہم مسئلہ ہے۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ خیبر پختونخوا کابینہ پولیس کو ٹائیگر فورس بنانا چاہتی ہے، اس قسم کے اقدام کے خلاف ہم دیوار بنیں گے۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے کے معاملات آئینی اور قانونی دائرے میں رہ کر چلائے جانے چاہئیں اور امن و امان برقرار رکھنا اولین ترجیح ہونی چاہیے۔












