لاہور( پاک ترک نیوز) کامن ویلتھ گیمز 2026 میں پاکستان کی خاتون باکسر فاطمہ زہرا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے باکسنگ کے 60 کلوگرام مقابلوں میں کانسی کا تمغہ اپنے نام کر لیا۔
سیمی فائنل میں فاطمہ زہرا کو کینیڈا کی باکسر کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا، تاہم سیمی فائنل تک رسائی کی بدولت انہیں کانسی کا تمغہ ملا۔
فاطمہ زہرا نے اس کامیابی کے ساتھ تاریخ رقم کرتے ہوئے کامن ویلتھ گیمز کے باکسنگ ایونٹ میں پاکستان کے لیے تمغہ جیتنے والی پہلی خاتون باکسر ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا۔
ان کی کامیابی کو پاکستان میں خواتین کے کھیلوں، خصوصاً باکسنگ، کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔ کھیلوں کے حلقوں نے فاطمہ زہرا کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کامیابی ملک میں خواتین کھلاڑیوں کے لیے حوصلہ افزا مثال ثابت ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دوسرا ٹیسٹ کل شروع ہو گا
فاطمہ زہرا کے کانسی کے تمغے کے بعد شائقینِ کھیل اور مختلف شخصیات نے انہیں مبارکباد پیش کی ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ وہ مستقبل کے بین الاقوامی مقابلوں میں بھی پاکستان کے لیے مزید اعزازات حاصل کریں گی۔






