مسقط ( پاک تر ک نیوز) پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کپتان فرحان یوسف نے اے سی سی مینز انڈر 19 ایشیا کپ 2026 میں ٹائٹل کے دفاع کے لیے پُراعتماد ہونے کا اظہار کیا ہے۔
پی سی بی ڈیجیٹل کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے فرحان یوسف نے کہا کہ ٹورنامنٹ سے قبل ٹیم کو عمان بھیجنے کا پاکستان کرکٹ بورڈ کا فیصلہ انتہائی مفید ثابت ہوا، جس سے کھلاڑیوں کو وہاں کے موسم، پچز اور کھیلنے کے حالات سے ہم آہنگ ہونے کا موقع ملا۔
کپتان کا کہنا تھا کہ دفاعی چیمپئن ہونے کے ناطے ٹیم اپنی ذمہ داری سے آگاہ ہے، کسی بھی حریف کو آسان نہیں لے رہی اور گزشتہ سال کی کامیابی کو برقرار رکھنے کے لیے بھرپور عزم رکھتی ہے۔فرحان یوسف کے مطابق اسکواڈ کا مورال بلند ہے اور تمام کھلاڑی پُراعتماد ہیں۔ گزشتہ سال کی مضبوط ٹیم میں نئے کھلاڑیوں کی شمولیت سے اسکواڈ مزید بہتر ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکی جوہری میزائل کے وارہیڈ کی حفاظت کرنے والے جدید ری انٹری وہیکل کا کامیاب تجربہ
انہوں نے ٹیم مینجمنٹ کے تعاون اور اعتماد کو بھی تیاریوں میں اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹورنامنٹ کے دوران مستقل مزاجی اور مثبت حکمت عملی کامیابی کے لیے بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔آٹھ ٹیموں پر مشتمل 50 اوورز کا انڈر 19 ایشیا کپ عمان میں شروع ہو رہا ہے۔ پاکستان اپنا افتتاحی میچ 6 نومبر کو متحدہ عرب امارات کے خلاف کھیلے گا، جبکہ روایتی حریف بھارت سے مقابلہ 8 نومبر کو ہوگا۔ قومی ٹیم گروپ مرحلے کا آخری میچ 10 نومبر کو نیپال کے خلاف کھیلے گی۔گروپ اے میں پاکستان، بھارت، متحدہ عرب امارات اور نیپال شامل ہیں، جبکہ گروپ بی میں افغانستان، بنگلہ دیش، سری لنکا اور ملائیشیا کی ٹیمیں موجود ہیں۔ دونوں گروپس کی ٹاپ دو ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی، جو 12 نومبر کو کھیلے جائیں گے، جبکہ فائنل 14 نومبر کو ہوگا۔
یاد رہے کہ پاکستان نے گزشتہ ایڈیشن کے فائنل میں بھارت کو 191 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ اس بار بھی فرحان یوسف قومی ٹیم کی قیادت کریں گے۔











