لندن (پاک ترک نیوز )برطانوی حکومت نے رواں سال کے آخر تک پناہ گزینوں کے لیے نئے، محدود اور محفوظ قانونی راستے متعارف کرانے کا اعلان کر دیا ، جن کے تحت جامعات، کاروباری ادارے اور کمیونٹی تنظیمیں پناہ گزینوں کی اسپانسر شپ کر سکیں گی۔
یونیورسٹی اسپانسر شپ پروگرام کے لیے درخواستیں رواں سال کے آخر میں کھولی جائیں گی جبکہ پہلی آمد 2027ء میں متوقع ہے، اسی طرح پناہ گزینوں کے لیے روزگار پر مبنی اسپانسر شپ پروگرام آئندہ سال شروع کیے جانے کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں:برطانیہ کا خلیج تعاون کونسل کے 6ممالک کے ساتھ تجارتی معاہدہ
حکومت نے واضح کیا ہے کہ نئے قانونی راستوں کے تحت آنے والوں کی تعداد محدود ہو گی اور تمام درخواست گزار سخت جانچ پڑتال سے گزریں گے۔وزارتِ داخلہ کے مطابق یہ نیا نظام کینیڈا کے اسپانسر شپ ماڈل سے متاثر ہے، جس کے تحت مستند ادارے برطانیہ آنے کے خواہشمند پناہ گزینوں کی درخواستوں کی حمایت کر سکیں گے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ یہ اسکیم مستقبل میں برطانیہ کے پناہ گزینوں کے نظام کا بنیادی حصہ بن جائے گی اور موجودہ یو کے ری سیٹلمنٹ اسکیم کے مقابلے میں زیادہ گنجائش رکھے گی۔
وزیرِ داخلہ شبانہ محمود نے کہا ہے کہ نئی پالیسی کا مقصد حقیقی پناہ گزینوں کو تحفظ فراہم کرنا اور نظام میں موجود ان خامیوں کو بند کرنا ہے جن کا ماضی میں ناجائز فائدہ اٹھایا جاتا رہا ہے۔







