لندن (پاک ترک نیوز )برطانیہ نے خلیج تعاون کونسل کے چھ ممالک کے ساتھ ایک اہم تجارتی معاہدہ کر لیا ہے، جس سے برطانوی معیشت کو تقریباً 3.7 ارب پاؤنڈ فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔
معاہدے میں بحرین، کویت، عمان، قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں۔ برطانوی حکومت کے مطابق اس ڈیل کے بعد برطانوی مصنوعات پر لگنے والے تقریباً 58 کروڑ پاؤنڈ سالانہ کے ٹیکس ختم ہو جائیں گے، جس سے برطانوی کاروباروں کے لیے خلیجی منڈیوں تک رسائی آسان ہوگی۔
چیڈر چیز، مکھن اور چاکلیٹ جیسی برطانوی مصنوعات اب خلیجی ممالک میں سستی اور آسانی سے دستیاب ہو سکیں گی۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اس معاہدے سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور برطانوی کمپنیوں کو خطے میں سرمایہ کاری بڑھانے میں مدد ملے گی۔
یہ معاہدہ اسٹارمر حکومت کا بھارت اور جنوبی کوریا کے بعد تیسرا بڑا تجارتی معاہدہ ہے، جبکہ جی سی سی اور کسی G7 ملک کے درمیان اپنی نوعیت کا پہلا معاہدہ بھی ہے۔












