کھٹمنڈو(پاک ترک نیوز ) نیپال کے ہملنگ ہمال بیس کیمپ پر برفانی تودہ گرنے کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک جبکہ 12 لاپتا ہوگئے، امدادی ٹیموں نے برف میں دبے خیموں سے لاشیں نکال لی ہیں اور لاپتا افراد کی تلاش جاری ہے۔غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق ہملنگ ہمال کے بیس کیمپ پر شدید موسم کے دوران برفانی تودہ گرا، جس نے وہاں موجود خیموں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ ہلاک اور لاپتا ہونے والے تمام افراد نیپالی شہری اور مہماتی عملے کے ارکان تھے، جو کوہ پیماؤں کی آمد سے قبل بیس کیمپ کی تیاری میں مصروف تھے۔
یہ بھی پڑھیں: نیپال میں سیلاب، پگھلتے گلیشیئرز اور پرمافراسٹ سے ہمالیائی آبادیوں کو بڑھتے خطرات
امدادی کارروائیوں کے دوران اب تک چار لاشیں برآمد کی جاچکی ہیں جبکہ 12 افراد تاحال لاپتا ہیں۔ خراب موسم اور دشوار گزار پہاڑی علاقے کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے، تاہم موسم میں بہتری کے بعد کوہ پیماؤں اور امدادی کارکنوں نے برف ہٹانے کا کام دوبارہ شروع کردیا ہے۔ہملنگ ہمال نیپال کے ضلع منانگ میں واقع ہے اور اس کی بلندی 7 ہزار 126 میٹر ہے۔ برفانی تودہ گرنے کے وقت کوئی غیر ملکی کوہ پیما بیس کیمپ میں موجود نہیں تھا، مقامی عملہ آئندہ مہم کے لیے کیمپ تیار کررہا تھا۔
نیپال میں حالیہ شدید بارشوں اور برفباری کے باعث مختلف پہاڑی علاقوں میں سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودوں کے واقعات پیش آئے ہیں، جس کے بعد کوہ پیماؤں اور سیاحوں کو خطرناک علاقوں سے دور رہنے کی ہدایات بھی جاری کی گئی تھیں۔












