اسلام آباد ( پاک ترک نیوز) چین کے لیے نامزد پاکستانی سفیر علی اسد گیلانی نے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی، جس میں پاک چین تعلقات اور باہمی تعاون کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے علی اسد گیلانی کو چین میں بطور سفیر تقرری پر مبارکباد دی اور بیجنگ میں کامیاب دورِ تعیناتی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ملاقات کے دوران اسحاق ڈار نے پاکستان اور چین کے دیرپا اور مثالی تعلقات کی خصوصی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تمام شعبوں میں تزویراتی شراکت داری کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: وینس فلم فیسٹیول میں غزہ میں بڑے پیمانے پر ہلاکتوں کے لیے مصنوعی ذہانت کے استعمال پر مبنی اسرائیلی فلم کو ریکارڈ داد ملی
نائب وزیراعظم نے ہدایت کی کہ تجارت، سرمایہ کاری، رابطہ کاری، پاک چین اقتصادی راہداری اور زراعت کے شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے پر خصوصی توجہ دی جائے۔اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ سائنس و ٹیکنالوجی، تعلیم اور عوامی سطح پر روابط اور تبادلوں کے ذریعے پاک چین لازوال دوستی کو مزید مضبوط بنایا جاسکتا ہے۔نائب وزیراعظم نے علی اسد گیلانی کی بطور ایڈیشنل سیکرٹری ایشیا پیسیفک خدمات کو بھی سراہا اور کہا کہ ان کا وسیع سفارتی تجربہ پاک چین تعلقات کے فروغ اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون مزید بڑھانے میں معاون ثابت ہوگا۔
ملاقات میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان اور چین کے درمیان ہر سطح پر تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی اور دونوں ممالک کی دیرینہ دوستی کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔












