اسلام آباد ( پاک ترک نیوز) صدر آصف علی زرداری نے معلومات تک رسائی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ درست اور قابلِ اعتماد معلومات تک رسائی باخبر جمہوریت کے لیے نہایت اہم ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ وہ ہر شہری کے معلومات تک رسائی کے آئینی حق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں۔ ڈیجیٹل ذرائع، مصنوعی ذہانت اور دیگر ٹیکنالوجیز تیزی سے فروغ پا رہی ہیں، جس کے باعث درست اور قابلِ اعتماد معلومات تک رسائی پہلے سے زیادہ اہم ہوگئی ہے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ موجودہ دور میں مستند معلومات کا حصول ایک چیلنج بھی بن گیا ہے، اس لیے صحافیوں، میڈیا اداروں، شعبۂ ابلاغ کے ماہرین، محققین اور دیگر ماہرین کے کردار پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔صدر مملکت کے مطابق آئین پاکستان شہریوں کے معلومات تک رسائی کے حق کے لیے واضح بنیاد فراہم کرتا ہے۔ اٹھارہویں آئینی ترمیم نے آزادی اظہار کے آئینی ڈھانچے کو مزید مضبوط کیا اور آرٹیکل انیس اے شامل کیا، جس کے تحت شہریوں کے معلومات تک رسائی کے حق کو تسلیم کیا گیا ہے۔صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ شہریوں کے معلومات جاننے کے حق کا تحفظ کیا جانا چاہیے، جبکہ تجارتی بنیادوں پر پھیلائی جانے والی غلط اور گمراہ کن معلومات سے نمٹنے کی کوششیں مزید مؤثر بنانا ہوں گی۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کا کارکنوں اور رہنماؤں کو فوری قانونی معاونت فراہم کرنے کا فیصلہ
انہوں نے کہا کہ جائز عوامی مفاد کی صحافت، منصفانہ تنقید اور بامعنی عوامی مباحثے کو دبانے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔صدر مملکت نے زور دیا کہ شہریوں کو مستند اور قابلِ اعتماد معلومات حاصل کرنے کے قابل ہونا چاہیے تاکہ وہ قومی اور عوامی معاملات کے بارے میں باخبر رائے قائم کرسکیں۔












