اسلام آباد (پاک ترک نیوز )وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ کوئی پرتشدد جتھہ اسلام آباد نہ آئے، سڑکوں کی بندش اور عوام کی آمدورفت میں خلل سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کے واضح احکامات موجود ہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ انتظامیہ یقینی بنائے گی کہ عوام کی آمدورفت میں کوئی خلل نہ آئے، قانون سب کے لیے یکساں ہے۔ جماعت اسلامی کے ساتھ حکومت کا رابطہ ہے، وہ پُرامن اور سمجھدار لوگ ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم میں اب تک 22 لاکھ افراد رجسٹر ہوچکے ہیں، رجسٹریشن کے لیے موٹر سائیکل کا مالک ہونا ضروری نہیں، جبکہ پانچ لیٹر کی شرط بھی ختم کردی گئی ہے اور سہولت تمام پیٹرول پمپس پر دستیاب ہے۔
انہوں نے کہا کہ خطے میں کشیدگی کے باعث تیل کی قیمتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں، وزیراعظم نے غریب طبقے کا احساس کرتے ہوئے بروقت اقدامات کیے۔ یکم جنوری 2006 کے بعد رجسٹرڈ تمام موٹر سائیکل، رکشے اور چنگ چی اسکیم میں رجسٹریشن کے اہل ہیں۔












