نیویارک(پاک ترک نیوز )زمین نے اپنے گرد ایک نیا عارضی چاند پکڑ لیا ہے، تاہم یہ مہمان زیادہ عرصے تک زمین کے مدار میں نہیں رہے گا اور 2027 کے آغاز میں دوبارہ خلا میں نکل جائے گا۔خلائی ماہرین کے مطابق 2026 کیو کیو 8 نامی اس خلائی چٹان کو پہلی مرتبہ اگست 2026 میں دیکھا گیا تھا، جبکہ یہ اپریل 2026 میں زمین کی کشش ثقل کے زیر اثر آکر اس کے گرد گردش کرنے لگی تھی۔بین الاقوامی فلکیاتی اتحاد کے مرکز برائے چھوٹے سیاروں نے 29 اکتوبر کو اس دریافت کی اطلاع دی۔سائنس دانوں کے مطابق یہ عارضی چاند دسمبر تک زمین کی کشش ثقل کے زیر اثر رہے گا، جس کے بعد 2027 میں زمین کے مدار سے نکل جائے گا۔تحقیق کے مطابق یہ خلائی پتھر سورج کے گرد ایک چکر تقریباً 359 دن میں مکمل کرتا ہے اور ہر دس سال کے قریب زمین کے نزدیک آتا ہے۔ اس مرتبہ زمین سے اس کی قربت اتنی زیادہ تھی کہ زمین کی کشش ثقل نے اسے عارضی طور پر اپنے مدار میں لے لیا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ زمین کے قریب ترین فاصلے پر یہ خلائی چٹان تقریباً 5 لاکھ 68 ہزار کلومیٹر دور ہوگی، جو زمین اور چاند کے اوسط فاصلے سے تقریباً ایک لاکھ 77 ہزار کلومیٹر زیادہ ہے۔اس خلائی چٹان کا قطر تقریباً 2 میٹر ہے۔ ماہرین کے مطابق اگر یہ زمین سے ٹکرانے کے راستے پر بھی آتی تو غالب امکان تھا کہ فضا میں داخل ہوتے ہی جل کر تباہ ہوجاتی۔سائنس دانوں کے مطابق زمین کے گرد عارضی چاند گردش کرنے کا یہ پہلا واقعہ نہیں۔ گزشتہ برس ہونے والی ایک تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ زمین کے گرد کسی بھی وقت چھ تک عارضی چاند گردش کرسکتے ہیں۔تحقیق کے مطابق ایسے عارضی چاندوں کا اوسط حجم تقریباً 75 سینٹی میٹر ہوتا ہے، جبکہ ان کا زمین کے گرد قیام اوسطاً نو ماہ تک رہ سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان اور بشریٰ بی بی کا جیل میں طبی معائنہ
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر زمین کی کشش ثقل تقریباً 3 میٹر چوڑی خلائی چٹان کو اپنے مدار میں لے لے تو وہ 10 سے 20 سال تک عارضی چاند کے طور پر گردش کرسکتی ہے۔












