واشنگٹن ( پاک ترک نیوز) امریکا میں لاکھوں مستحق افراد کے لیے غذائی امداد کی سہولت برقرار رکھنے کے لیے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور نیویارک کے میئر ظہران ممدانی کے درمیان اہم اتفاق ہوگیا۔ نئے ضوابط پر عمل درآمد 90 روز کے لیے مؤخر کر دیا گیا، جس سے ملک بھر کے چھوٹے کریانہ اسٹورز اور سہولت مراکز کو تیاری کا مزید وقت مل گیا۔برطانوی اخبار دی گارڈین کے مطابق ظہران ممدانی نے صدر ٹرمپ اور امریکی وزیر زراعت بروک رولنز سے بات چیت کے بعد اس مہلت کا اعلان کیا۔ نئی توسیع جمعے سے نافذ ہوگی۔
امریکی محکمہ زراعت کے نئے قواعد کے تحت فوڈ اسٹیمپس پروگرام میں شامل دکانوں کے لیے ضروری تھا کہ وہ دودھ اور ڈیری مصنوعات، اناج، پروٹین، پھل اور سبزیوں کی ہر قسم میں کم از کم سات اقسام دستیاب رکھیں۔ اس کے علاوہ بنیادی غذائی اشیا کی چار اقسام میں سے کم از کم تین میں جلد خراب ہونے والی اشیا بھی موجود ہونا لازمی تھیں۔ظہران ممدانی کا کہنا تھا کہ نئے ضوابط کے باعث نیویارک کے 10 لاکھ سے زائد افراد جبکہ پورے امریکا میں کروڑوں شہریوں کی غذائی ضروریات متاثر ہونے کا خدشہ تھا۔ مہنگائی اور سستے گروسری اسٹورز کی کمی کے باعث پہلے ہی مشکلات کا سامنا کرنے والے خاندانوں کو یہ خدشہ تھا کہ وہ اپنی قریبی دکانوں سے بھی غذائی امداد استعمال نہیں کر سکیں گے۔فوڈ ریسرچ اینڈ ایکشن سینٹر کے مطابق امریکا میں فوڈ اسٹیمپس پروگرام سے منسلک تقریباً 70 فیصد دکانیں چھوٹے کریانہ اسٹورز، سہولت مراکز اور گروسری شاپس پر مشتمل ہیں۔ممدانی کے مطابق 100 سے زائد کریانہ اسٹور مالکان نے نئے قواعد پر عمل درآمد میں مشکلات کے حوالے سے ان کے دفتر سے رابطہ کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ مقررہ وقت میں اشیا کا ذخیرہ بڑھانا چھوٹے کاروباروں کے لیے مشکل تھا اور بعض دکانوں کو کاروبار بند ہونے کا خطرہ بھی لاحق تھا۔
یہ بھی پڑھیں: 5منٹ میں چارج ہونے والی الیکٹرک گاڑی آ گئی
90 روز کی مہلت سے چھوٹے کاروباری مراکز کو نئے ضوابط کے مطابق اپنے ذخائر اور انتظامات بہتر بنانے کا موقع ملے گا، جبکہ فوڈ اسٹیمپس پر انحصار کرنے والے لاکھوں خاندانوں کو اپنی قریبی دکانوں سے خریداری جاری رکھنے میں سہولت ملے گی۔











