پاکستانیوں سمیت دنیا بھر کے اُن افراد کے لیے دبئی کا سفر اب پہلے سے کہیں زیادہ آسان ہو گیا ہے جو مختصر مدت کے لیے متحدہ عرب امارات جانا چاہتے ہیں۔
گلف نیوز کے مطابق دبئی حکام نے سیاحتی ویزا کے حصول کے عمل کو مزید تیز اور آسان بنا دیا ہے۔ اب خواہشمند افراد مطلوبہ دستاویزات جمع کروانے کے بعد صرف 48 گھنٹوں کے اندر سنگل انٹری ٹورسٹ ویزا حاصل کر سکتے ہیں۔
حکام کے مطابق سنگل انٹری ٹورسٹ ویزا 30 یا 60 دن کی مدت کے لیے جاری کیا جاتا ہے، جبکہ تمام شرائط پوری ہونے کی صورت میں درخواست پر فوری کارروائی کی جاتی ہے۔
درخواست گزار منظور شدہ ٹریول ایجنسیوں کے ذریعے ویزا کے لیے اپلائی کر سکتے ہیں، جہاں جدید اور تیز رفتار نظام کے تحت درخواستوں کو مختصر وقت میں نمٹایا جاتا ہے۔
ویزے کے لیے درکار دستاویزات میں ایک پاسپورٹ سائز تصویر، کارآمد پاسپورٹ کی کاپی، اور بعض مخصوص ممالک کے شہریوں کے لیے قومی شناختی کارڈ شامل ہے۔
دبئی حکام کا کہنا ہے کہ دستاویزات مکمل ہونے کے بعد اکثر درخواستیں چند گھنٹوں میں منظور کر لی جاتی ہیں، جبکہ بعض سیاحوں کو صرف 2 سے 3 گھنٹوں کے اندر ویزا جاری کر دیا جاتا ہے۔
یہ اقدام دبئی کو دنیا کے نمایاں ترین سیاحتی مراکز میں شامل رکھنے اور بین الاقوامی سیاحوں کے لیے سفر کو مزید آسان بنانے کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔












